وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سےملاقات ختم ہو گئی

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کےساتھ وزیر اعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی ملاقات ختم ہو گئی۔یہ ملاقات واشنگٹن کے وقت کے مطابق شام 4:30 بجے (پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے) شیڈول تھی، لیکن اس میں تقریبا 30 منٹ کی تاخیر ہوئی کیونکہ امریکی صدر ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ اور 20 منٹ جاری رہی۔اس موقع پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔
واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا باضابطہ دو طرفہ رابطہ ہے، یہ ملاقات سابق وزیرِاعظم عمران خان کی جولائی 2019 میں ٹرمپ سے پہلی مدت کے 6 سال بعد ہو رہی ہے۔
ملاقات سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایک ’عظیم رہنما‘ وائٹ ہاؤس آ رہے ہیں۔انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل ملاقات کے لیے آرہے ہیں، فیلڈ مارشل بہترین شخصیت کے مالک ہیں اور وزیرِاعظم بھی‘