ذمہ دارانہ  وی لاگنگ ، وقت کی اہم ضرورت 

ذمہ دارانہ  وی لاگنگ ، وقت کی اہم ضرورت 
ذمہ دارانہ  وی لاگنگ ، وقت کی اہم ضرورت 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گذشتہ دنوں سوشل میڈیا ریلز دیکھتے ہوئے پڑوسی ملک کی پنجابی زبان کی ایک فلم کا کلپ نظر کے سامنے سے گزرا جس میں ایک نوجوان لڑکا اپنی ماں اور چاچا سے کہتا ہے کہ اب ہم ڈیجیٹل ہو جائیں گے اور بنائیں گے وی لاگ ، اس نوجوان کی ماں ایک سادہ لوح خاتون دکھائی گئی تھی اس نے کہا اچھا یہ سرسوں کے تیل میں پکے گا یا دودھ میں تو اس نوجوان نے کہا کہ یہ کیمرے میں بنتا ہے ماں اور بہت آسان ہے ، موبائل کھولو کیمرہ آن کرو اور جو سامنے آتا جائے رننگ کمنٹری شروع کر دو جیسے یہ میرا چاچا ہے یہ ابھی کھیتوں سے واپس ہو کر آیا ہے یہ ہمارا دادا ہے جو دو سو سال کا ہے اور ابھی تک مر نہیں رہا یہ میری ماں ہے جو ہانڈی پکا رہی ہے بس ماں کیمرہ بند نہیں ہونا چاہیے پیسے ہی پیسے ۔ 
یہ سب دیکھنے میں بہت ہی مزاحیہ لگتا ہے لیکن اگر دیکھا جائے تو یہ ہمارے معاشرے پر ایک گہرا طنز بھی ہے ۔ آج کل جو وی لاگنگ اور خاص طور پر جو فیملی وی لاگنگ ہو رہی ہے اس پر تو تنقید اور طنزبہت ہی کم ہے ۔ کہنے کو تو فیملی ولاگنگ کے لوگ بہت سے فائدے بتا دیتے ہیں کہ جناب اس کی وجہ سے انسان کی یادیں محفوظ ہو جاتی ہیں ، روز کی روٹین سے انسان آمدنی بھی کما لیتا ہے اور الٹی سیدھی حرکات کے ساتھ ساتھ کوئی ایک عاد کام کی بات بھی نکل آتی ہے جو دیکھنے والوں کو متاثرکر دیتی ہے ۔

وی لاگنگ سے لوگوں کا آپس میں ایک تعلق اور رابطہ بنتا ہے اور اگر وی لاگنگ اچھی ہو تو ایک مثبت کمیونٹی وجود میں آتی ہے۔ لوگ اپنی فیمی کی زندگی ، تہوار اوردیگر مواقع کو دوسروں کے ساتھ شئیر کر کے دوسروں کو بھی اپنی خوشیاں اور تجربات دکھا سکتے ہیں ۔ وی لاگنگ کے ذریعے ایڈیٹنگ ، شوٹنگ اور کہانی سنانے جیسی مہارتوں میں بہتری آتی ہے لیکن یہ گنے چنے فوائد ہیں ۔ 
آج کے ڈیجیٹل دور میں وی لاگز (ویڈیو بلاگز) نے لوگوں کی زندگیوں میں ایک خاص مقام حاصل کر لیا ہے۔ نوجوانوں سے لے کر بزرگوں تک ہر عمر کے لوگ اپنی باتیں، خیالات، اور تجربات وی لاگز کے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ لیکن چونکہ وی لاگنگ ایک طاقتور ذریعہ ہے جو لاکھوں لوگوں تک پہنچ سکتا ہے، اس لیے اس کی ذمہ داری کا احساس رکھنا بے حد ضروری ہے۔
ذمہ دار وی لاگنگ کا مطلب ہے کہ وی لاگر اپنی ویڈیوز میں حقائق کی درستگی، اخلاقی حدود، اور سماجی حساسیت کو مدنظر رکھے۔ جب کوئی وی لاگر غلط معلومات یا فیک نیوز پھیلائے تو اس کا نقصان نہ صرف انفرادی بلکہ معاشرتی سطح پر بھی ہوتا ہے۔ یہ غلط فہمیاں بڑھا سکتی ہیں، لوگوں کے جذبات مجروح کر سکتی ہیں، اور کبھی کبھار تنازعات کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔
مزید برآں، وی لاگرز کو چاہیے کہ وہ دوسروں کی پرائیویسی کا احترام کریں اور بغیر اجازت دوسروں کی ذاتی زندگی یا تصاویر شیئر نہ کریں۔ اس کے علاوہ، نفرت انگیز یا غیر اخلاقی مواد کی اشاعت سے گریز کرنا بھی ذمہ داری کی علامت ہے۔
ذمہ دار وی لاگنگ سے نہ صرف ناظرین کو معیاری اور مفید مواد ملتا ہے بلکہ وی لاگر کی ساکھ اور اعتبار بھی بڑھتا ہے۔ اس سے ایک مثبت اور تعمیری آن لائن کمیونٹی کی تشکیل ہوتی ہے جو سماجی ترقی میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
آخر میں، یہ کہنا ضروری ہے کہ وی لاگرز کو اپنے پلیٹ فارم کو صرف تفریح کا ذریعہ سمجھ کر نہیں بلکہ ایک ذمہ داری کے طور پر لینا چاہیے تاکہ وہ معلوماتی، مثبت اور تعمیری مواد کے ذریعے دنیا کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

۔

نوٹ: یہ مصنفہ کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔
 

مزید :

بلاگ -