کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی وزارت کھیل نے 23 نومبر سے پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کے لئے انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو این او سی جاری کر دیا۔
بھارتی وزارت کھیل کی جانب سے کرکٹ ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ انڈیا کے سیکرٹری جنرل شری شائلندر یادیو کو بھیجے گئے خط میں دورہ پاکستان کی اجازت دیتے ہوئے اس سلسلے میں مزید کلیئرنس حاصل کرنے کے لئے بھارتی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے رابطہ کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی بلائنڈ ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت کے لئے 12 نومبر کو لاہور پہنچنا ہے، بھارت اور پاکستان کا میچ 25 نومبر کو لاہور میں شیڈول ہے۔
دریں اثنا پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے وزارت کھیل کی جانب سے این او سی ملنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت مقابلے ہمیشہ شائقین کھیل کی بھرپور توجہ حاصل کرتے ہیں، پاکستانی عوام میں ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت میچ کے حوالے سے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے، ماضی میں بھی کرکٹ ڈپلومیسی سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں نمایاں بہتری آئی تھی۔
سید سلطان شاہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ و داخلہ کی جانب سے بھی انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے لئے جلد این او سی کا اجراءکر دیا جائے گا۔