وہاڑی (احسان الحق) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد آزاد امیدواروں نے این اے 157 میں ایک بڑی ریلی کی صورت میں بھرپور پاور شو کرکے حلقے میں اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا۔
این اے 157 سے قومی اسمبلی کی امیدوار سبین صفدر کے شوہر سابق ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ، پی پی 230 سے امیدوار سید سلمان شاہد مہدی اور پی پی 232 سے امیدوار عبدالوحید گریوال کی قیادت میں حلقے میں ریلی نکالی گئی۔ریلی کا آغاز کوٹ سادات کے بائی پاس سے ہوا جہاں سید علی احمد ، عرفان شمشاد اور اسرار احمد لکی کی قیادت میں جلوس نے امیدواروں کا بھرپور استقبال کیا۔
ریلی کوٹ سادات کے بازار سے گزری تو دکانداروں نے پھولوں کی بارش کردی۔ چوک سکندر پر ابن الحسن شیرازی، آفتاب شاہ ، حافظ ثاقب رشید اور خضر حسین جوئیہ نے بڑے جلوس کی شکل میں ریلی میں شمولیت اختیار کی۔
ریلی حلقے کے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے غفورواہ میں اختتام پذیر ہوئی جہاں ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ وہ عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، کوئی یہ نہ سمجھے کہ الیکشن جیتنے کے بعد پارٹی بدل لیں گے، یہ نشستیں عمران خان کی امانت ہیں اور انہی کو لوٹا دی جائیں گی۔
مخالفین تحریک انصاف کے کارکنوں کو بد دل کرنے کیلئے پراپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن اب عوام کو سمجھ آگئی ہے کہ تحریک انصاف ہی ملک کو مسائل سے نجات دلواسکتی ہے۔ کارکن 8 فروری کو بھرپور طریقے سے باہر نکلیں اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں۔