آپ کون ہیں, شخصیت کا اظہار کیسے کرتے ہیں؟ ان سوالوں کا جواب دینے کیلیے ماضی کی طرف لوٹنا ہو گا‘ وہ ماضی جس میں آپ نے زندگی گزاری
مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:59
یہ وہ ابتدائی تراکیب اورطریقے ہیں جن کے ذریعے آپ دوسروں کی خوشنودی و رضامندی کے حصول کی ضرورت سے بے نیازہو سکتے ہیں۔ جب آپ ہر قسم کی خوشنودی ورضامندی کو ترک کرنے کے لیے کوشش نہیں کرتے تو پھر آپ ایسا رویہ اختیار نہیں کر رہے کہ آپ غیرفعال ہو جائیں۔دوسروں کی طرف سے اپنے لیے تعریف و تحسین، ایک خوشگوار اور خوش کن عمل ہے۔ جب لوگ آپ کی تعریف و تحسین نہیں کرتے تو پھر اس کے باعث ہونے والی تکلیف و اذیت سے آپ محفوظ رہنا چاہتے ہیں۔ جب آپ اپنے لیے تعریف اور تحسین کی طلب پر مبنی کمزوری اور خامی دور کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے کوشش بھی کرتے ہیں تو پھر باقی ماندہ کمزوریوں‘ خامیوں اور نقصان دہ عادات سے نجات آپ کے لیے آسان ہو جاتی ہے کیونکہ ”اس روئے زمین پر پہلی سانس لینے کے بعد سے آپ کو یہی بتایا اور سکھایا گیا ہے کہ آپ کو دوسروں کی مرضی اور خواہش کے مطابق عمل کرنا چاہیے۔ اس عادت کو دور کرنے کے لیے آپ کو سخت اور کثیر مشق کی ضرورت محسوس ہوگی لیکن اس ضمن میں آپ کی ہر معمولی اور چھوٹی کوشش قابل قدر اوراہم ہے۔
ماضی فراموش کر دیجیے
”صرف ایک بھوت ہی ماضی کی یادوں میں خود کو گرفتار کر لیتا ہے اوراپنی گزری ہوئی زندگی کو اپنی شناخت سمجھتا ہے۔ آپ اپنے ماضی کا عکس نہیں بلکہ موجودہ زمانے کی علامت و شناخت بھی ہیں۔“
آپ کون ہیں؟ آپ اپنی شخصیت کا اظہار کیسے کرتے ہیں؟ ان سوالوں کا جواب دینے کے لیے آپ کو اپنے ماضی کی طرف لوٹنا ہو گا‘ وہ ماضی جس میں آپ نے اپنی زندگی گزاری، وہ ماضی جس کے ساتھ آپ بلاشبہ منسلک رہے اور جس سے فرار آپ کے لیے مشکل ہے۔ آپ کے وجود کے اظہار کی علامتیں اور شناختیں کیا کیا ہیں؟ کیا یہ اچھے نام ہیں جو آپ نے تمام زندگی میں کمائے ہیں؟ کیا آپ کے پاس ایک درازہے جس میں آپ کی علامتیں اور شناختیں موجود ہیں جنہیں آپ اپنے لیے باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں۔ ان علامتوں اور شناختوں میں مندرجہ ذیل نام شامل ہو سکتے ہیں: ”میں پریشان رہتا ہوں‘ میں شرمندگی محسوس کرتا ہوں‘ میں سست الوجود ہوں‘ میں بے حس ہوں‘ میں بہت مضطرب ہوں‘ میں نسیان کا مریض ہوں اور مزید اس قسم کی تمام شناختوں کا مجموعہ ہوں …… ممکن ہے کہ آپ میں بیشمار خوبیاں اور خصوصیات ہوں، مثلاً میں بہت محبت آمیز ہوں میں برج کھیلنے میں ماہرہوں، میں بہت پیارا ہوں۔ بہرحال یہ موضوع اس باب میں زیرغور نہیں ہو گا کیونکہ اس باب کا مقصدیہ ہے کہ آپ کی ان خوبیوں اور خصوصیات کی تعریف کرنے کے بجائے آپ کے ان شعبہ ہائے زندگی میں مزید بہتری پیدا کی جائے جہاں آپ نہایت مؤثر طور پر اپنے رو زمرہ معمولات زندگی انجام دے رہے ہیں۔(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔