گوادر (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کے بارش متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی مدد کرنے آیا ہوں، بارشوں سے ہونے والی تباہی سے بحالی اور مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ گوادر کے موقع پر کہنا تھا کہ 26 فروری کو طوفانِ بارش نے گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں تباہی مچائی۔ صوبے میں بارشوں کے باعث حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ پہلی فرصت میں گوادر حاضر ہوا ہوں، امداد متاثرین پر احسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے گھر ڈوب گئے، اس صورت حال میں اسلام آباد کیسے بیٹھ سکتے ہیں۔ جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے ان کو 7 لاکھ 50 ہزار اورجس کا گھر جزوی تباہ ہوا اس کو ساڑھے 3 لاکھ کا چیک دیں گے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی سے قدرتی آفات کے تعین کیلئے نظام وضع کیا جائے۔ متاثرہ علاقے ، بحالی اور املاک کے نقصانات کی رپورٹ پیش کی جائے۔ متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔