لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان میں جمہوریہ مالٹا کے اعزازی قونصل جنرل حسن محمود زیدی نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا اور وہاں موجود مریضوں سے ملاقات کی،انہوں نے زیر علاج بچوں میں گفٹس بھی تقسیم کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن محمود زیدی نے سندس فاؤنڈیشن کی انسانیت کی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ فاؤنڈیشن کا کام معاشرے کے مستحق اور نادار مریضوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنے طور پر سندس فاؤنڈیشن کے اس عظیم مشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر ادارے کے کام کو اجاگر کرینگے۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے عملے کی محنت اور جذبے کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ادارہ انسانیت کی خدمت کا ایک بہترین عملی نمونہ ہے۔
اس موقع پر سندس فاؤنڈیشن کی سینئر ڈاکٹر زنیرہ شکیل نے فاؤنڈیشن کی خدمات، خصوصاً تھیلیسیمیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ کہ 7000 سے زائد تھیلیسیمیا کے مریضوں کے ساتھ ساتھ ہیموفیلیا اور خون کے دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا سندس فاؤنڈیشن میں مفت علاج کیا جارہا ہے، مریضوں کو مہینے میں کم از کم دو بار خون کی ضرورت ہوتی ہے جوکہ سندس فاؤنڈیشن مہیا کر رہا ہے اس کے علاوہ ان مریضوں کو ہر قسم کی ادویات بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جاتی ہیں۔
اس موقع پرصدر سندس فاؤنڈیشن یاسین خان نے حسن محمود زیدی کا سندس فاؤنڈیشن آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور انکے جذبات کو سراہا۔ سی او او سندس فاؤنڈیشن عبدالستار، ڈائریکٹر فنانس علی رؤف اورایڈمنسٹریٹر محمد یعقوب بھی تقریب میں موجود تھے۔