سروسزچیف کی مدت بڑھانا اسکا اندرونی معاملہ، قانون سازی تسلیم کریں گے:سلمان اکرم راجہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سروسز چیف کی مدت بڑھانا سروسز کا اندرونی معاملہ ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قانون سازی کا ایک طریقہ ہوتا ہے۔ سروسز چیف کی مدت 3 سے بڑھا کر 5 سال کردی گئی۔ یہ سروسز کا اندرونی معاملہ ہوتا ہے تاہم اس کو تسلیم کریں گے اور آگے بڑھیں گے۔ایک ہی دن میں سپریم کورٹ میں 17 اسامیاں پیدا کی گئی ہیں۔ منصوبہ عدلیہ کو غیر فعال بنانا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اپنی مرضی سے اور مقتدرہ کی خواہش پر ججز لگائے گی۔ حکومت ایسے ججز لگانا چاہتی ہے جو پاکستانیوں کے حق سے دستبرداررہیں۔ پاکستان کو ایک محکوم ملک بنانے کی سازش ہے اور خواہش ہے کہ ہر ایک خوف میں رہے کوئی سوال نہ اٹھائے۔ کسی وقت کسی کو بھی اٹھایا جاسکتا ہے۔ وہی حال ہمارا ہوگا جو انتظار پنجوتھا کا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور ایک قوم اٹھنا ہوگا ہمیں انتظار پنجوتھا کا چہرہ سامنے رکھنا ہوگا اور عدلیہ پر حملے کے خلاف مزاحمت کرنا ہوگی۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ایک آزاد قوم ہیں یا محکوم قوم ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے بھی اسی حقیقی آزادی کا نعرہ لگایا ہے۔ ایک ریاست جس کا تعلق عوام سے ٹوٹ چکا ہو ترقی نہیں کرسکتی۔