شنگھائی تعاون کانفرنس ہو رہی ہے اور ہم اسلام آباد میں تماشہ لگا کر بیٹھے ہیں, مفتاح اسماعیل

Oct 05, 2024 | 07:52 PM

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ 2 سیاسی قوتیں دست و گریبان ہیں اور خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، شنگھائی تعاون کانفرنس ہو رہی ہے اور ہم اسلام آباد میں تماشہ لگا کر بیٹھے ہیں،اس سے ملک کے عوام اور معیشت دونوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے آج کراچی کے عمائدین کو جمع کیا تھا لیکن سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد کے راستے بند ہونے کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کو چاہیے وہ پی ٹی آئی کو پرامن احتجاج کی اجازت دے۔ لیکن تحریک انصاف بھی تشدد کا راستہ چھوڑ کر پر امن احتجاج کرے۔ حکومت اور پی ٹی آئی کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹ کر معاملے کو سنبھالنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم آ رہی ہے اور اراکین اسمبلی کو نہیں معلوم کہ معاملہ کیا ہے۔ ترامیم کے ذریعے ایک نئی عدالت لائی جا رہی ہے۔ ن لیگ کو سوچنا چاہیئے یہ قوانین بعد میں ان کے گلے پڑ جائیں گے۔

مزیدخبریں