سرکاری کالجز کے پرنسپلز کے انٹرویوز ،وزیر تعلیم نے تعلیمی معیار میں ممکنہ تبدیلیوں پر سوالات کیے
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی کنوینئر شپ میں سرکاری کالجز کے پرنسپلز کے انٹرویوز منعقد کئے گئے۔ وزیر تعلیم نے خود تمام امیدواروں کے انٹریوز لیے، ان کی بالخصوص مختلف صلاحیتوں کو جانچا اور بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم پر ان کی دسترس کا مشاہدہ کیا۔ وزیر تعلیم نے اُمیدواروں کی ایڈمنسٹریشن، کمیونیکیشن، لیڈر شپ اور دیگر صلاحیتوں کو بھی پرکھا۔
شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کیلئے رانا سکندر حیات نے انٹرویوز کے تمام عمل کی نگرانی بھی کی۔ وزیر تعلیم نے چیلنجز سے نبٹنے، ادارہ جاتی ترقی، انرولمنٹ کی بہتری، سہولیات کا فقدان دور کرنے، سکلز اور تعلیمی معیار کے حوالے سے ممکنہ تبدیلیوں و اقدامات کے بارے میں بھی امیدواروں سے سوالات کیے۔ انہوں نے کالجز کے معیار کی بہتری کیلئے امیدواروں کے ویژن کے بارے میں بھی استفسار کیا۔ رانا سکندر حیات نے امیدواروں کو اپنے اپنے اضلاع میں میرٹ کی بالادستی یقینی بنانے کی بھی ہدایات دیں۔