ہم مقابلے میں آ گئے ہیں،ملک کی ضرورت ہے کہ بلاول وزیر اعظم بنیں : گورنر پنجاب

ہم مقابلے میں آ گئے ہیں،ملک کی ضرورت ہے کہ بلاول وزیر اعظم بنیں : گورنر پنجاب
ہم مقابلے میں آ گئے ہیں،ملک کی ضرورت ہے کہ بلاول وزیر اعظم بنیں : گورنر پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمایندہ خصوصی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو جیسا لیڈر صدیوں کے بعد پیدا ہوتا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کبھی کسی آمر کے سامنے نہیں جھکے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں جمہوری اقدام کے فروغ اور بالادستی کے لیے جان قربان کردی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عزیز الرحمن چن کی رہائش گاہ پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ذولفقار بھٹو ایک عظیم لیڈر تھے جنہوں نے ملک کے لیے ناقابل فراموش کام سرانجام دیئے ۔ ذوالفقار علی بھٹو  پیدائشی لیڈر تھے اور ہم بدنصیب ہیں کہ ہم نے اس لیڈر کو اپنے ہاتھوں سے کھو دیا ۔پھر ہمیں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شکل میں لیڈر ملیں، انہیں بھی کھو دیا۔ آج بھی اگر کسی جماعت کے پاس لیڈر ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جماعت ہے۔  آصف زرداری ایک عظیم لیڈر ہیں۔ اگر آصف علی زرداری کو مائنس کر دیا جائے تو یہ سسٹم چار دن  نہیں چل سکتا۔ صدر آصف زراری نے محترمہ نظیر بھٹو کی شہادت کے موقع پر ان کی لاش سامنے رکھ کر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے علاوہ ملک میں کوئی ایسا لیڈر ہے ہی نہیں جو سب کو ساتھ لے کر چل سکے۔ بلاول بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو والی صلاحیتیں ہیں۔ وہ دلیر، غیرت مند اور غریبوں سے محبت کرنے والا ہے۔بلاول بھٹو شہیدوں کا وارث ہے ، ملک کی ضرورت ہے کہ وہ اس ملک کا وزیر اعظم بنے ۔ اس وقت ملک کو بلاول بھٹو جیسے لیڈر کی ضرورت ہے جس میں اپنے نانا والی قائدانہ صلاحیتیں ہیں۔

انہوں  نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ عوام الناس کی فلاح و بہبود کو مقدم رکھا ہے۔ انشا اللہ پیپلزپارٹی کو جلد لاہور میں ایک بار پھر بحال کریں گے اور اس کا کھویا ہوامقام حاصل کریں گے۔  صوبہ پنجاب پی پی پی کو بحال کرنے کے لیے بڑی بڑی شخصیات پی پی میں شامل ہو رہی ہیں۔ جہاں پی پی کے پاس امیدوار نہیں تھے اب وہاں ہم مقابلے میں آ گئے ہیں۔ ہم سب نے اپنے اختلافات بھلا کر پارٹی کو آگے لے کر چلنا ہے۔
 تقریب میں پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈرشپ اور ورکرز کے ہمراہ ذولفقار بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔