معاملات زندگی مسائل ومصائب کا شکار ہو سکتے ہیں، دولت ضائع ہو سکتی ہے، مکان چھن سکتا ہے لیکن آپکا اعتماد چٹان ہے جسے کوئی چیز متاثر نہیں کر سکتی

معاملات زندگی مسائل ومصائب کا شکار ہو سکتے ہیں، دولت ضائع ہو سکتی ہے، مکان ...
معاملات زندگی مسائل ومصائب کا شکار ہو سکتے ہیں، دولت ضائع ہو سکتی ہے، مکان چھن سکتا ہے لیکن آپکا اعتماد چٹان ہے جسے کوئی چیز متاثر نہیں کر سکتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر 
ترجمہ:ریاض محمود انجم
 قسط:101
اس وقت تحفظ و سلامتی کا لفظ تحفظات پر مشتمل بیرونی عوامل مثلاً رقم، دولت، مکان، کار سے لے کر ملازمت یا معاشرتی اہمیت و مقام کے لیے استعمال کیا گیا ہے لیکن اس احساس تحفظ و سلامتی کی ایک دوسری قسم بھی ہے جس کا حصول قابل قدر اورمفید ہے اور یہ احساس تحفظ و سلامتی، آپ کے اس اندرونی اعتما دو صلاحیت پر مشتمل ہے جس کے ذریعے آپ اپنی زندگی کے روزمرہ معمولات کو کامیابی کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔ یہی احساس تحفظ و سلامتی،پائیدار نوعیت کا حامل ہے اور یہی حقیقی احساس تحفظ و سلامتی ہے۔ آپ کے معاملات زندگی مسائل ومصائب کا شکار ہو سکتے ہیں، آپ کی رقم اور دولت ضائع ہو سکتی ہے، آپ کا مکان آپ سے چھن سکتا ہے لیکن…… لیکن آپ کا اعتماد ایک چٹان ہے جسے کوئی چیز بھی متاثر نہیں کر سکتی۔ اس اعتماد کے ذریعے آپ کو اپنی شخصیت اور اپنی صلاحیت پر اس قدر یقین ہو سکتا ہے کہ مختلف امور، معاملات اور افراد آپ کو پریشان کرنے کے بجائے آپ کے لیے خوشی اور لطف کا باعث ہو سکتے ہیں۔
اسی لمحے جب آپ اس کتاب کا مطالعہ کر رہے ہیں، ایک چھوٹی سی مشق کریں۔ فرض کریں کہ کتاب پڑھتے ہوئے کوئی شخص آپ پر کود پڑتا ہے، آپ کو نیچے گرا دیتا ہے، آپ کو آپ کے لباس سے محروم کر دیتا ہے اور آپ کو ایک ہیلی کاپٹر میں ڈال کر کہیں لے جاتا ہ ے۔ مزید فرض کریں کہ یہ ہیلی کاپٹر آپ کو چین کے کسی علاقے میں پھینک دیتا ہے اور آپ بالکل ہی خالی ہاتھ ہیں، صرف آپ کا وجود اور آپ کی شخصیت ہی آپ کے ساتھ ہے۔ آپ کو اس ملک کی زبان سے واقفیت نہیں، نہ ہی یہاں کے لوگوں کی عادات کے بارے علم ہے، موسم بھی آپ کے لیے اجنبی ہے، صرف آپ کی ذات اور آپ کی شخصیت آپ کے پاس ہے۔ کیا آپ زندہ رہتے یا مر جاتے؟ کیا آپ وہاں دوست بنا سکتے، اپنے لیے خوراک حاصل کر سکتے، آپ کو رہنے کے لیے مکان مل سکتا یا پھر آپ وہاں بے حس و حرکت پڑے رہتے اور اپنی بدقسمتی پر افسوس کرتے رہتے۔ اگر آپ کو بیرونی تحفظ درکار ہوتا تو آپ زندہ نہ رہ سکتے کیونکہ آپ کا تمام سازوسامان آپ سے چھین لیا گیا تھا لیکن اگر آپ کی شخصیت اور ذات کی اندر اندرونی احساس تحفظ یعنی صلاحیت موجود ہے اور آپ اجنبی لوگوں، حالات، موسم سے خوف زدہ نہیں ہیں تو پھر آپ زندہ رہتے۔
لہٰذا احساس تحفظ سے مرا دآپ کا وہ علم اور صلاحیت ہے جس کے ذریعے آپ بیرونی تحفظ کی عدم موجودگی سمیت ہر مشکل اور مصیبت سے نبردآزما ہو سکتے ہیں۔ بیرونی احساس تحفظ و سلامتی کے پھندے کا شکار مت ہوں کیونکہ اس کے باعث آپ اپنی اس صلاحیت اور خوداعتمادی سے محروم ہو سکتے ہیں جو آپ کی کامیابی اور ترقی کے لیے درکار ہے۔ ان لوگوں پر نظر ڈالیے جو بیرونی تحفظ و سلامتی سے محروم ہیں یا جنہوں نے اس بیرونی احساس و سلامتی کے لیے کوئی منصوبہ نہیں بنایا ہوتا۔ شاید وہ اپنی زندگی میں اپنے منصوبوں سے کہیں آگے نکل گئے ہوتے ہیں۔ کم از کم یہ لوگ اپنی زندگی میں نئے اور مختلف تجربات کرتے ہیں اور ایک طے شدہ منصوبے کے مطابق کام نہیں کرتے بلکہ حالات اور وقت کے مطابق اپنی کامیابی اور ترقی کے لیے خطرات مول لیتے ہیں۔
 (جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -