موٹرسائیکل کے سائز کی مچھلی 36 کروڑ روپے میں نیلام

Jan 06, 2025 | 07:48 PM

ٹوکیو (ڈیلی پاکستان آن لائن) جاپان کی مشہور نیلامی میں ایک بلیو فن ٹونا مچھلی، جس کا سائز تقریباً موٹر سائیکل کے برابر ہے، 1.3 ملین ڈالر (تقریباً 36 کروڑ 20 لاکھ 50 ہزار  پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی۔ ٹوکیو کی  مشہور تویو سو مچھلی مارکیٹ میں 5 جنوری کو ہونے والی  یہ نیلامی نئے سال کی سب سے مہنگی نیلامیوں میں شامل ہے۔

جاپانی خبر رساں ایجنسی کیوڈو کے مطابق مشیلن اسٹار یافتہ ریستوران اونودیرا گروپ نے 608 پاؤنڈ (276 کلوگرام) وزنی مچھلی پر 1.3 ملین ڈالر کی بولی لگائی۔یہ بولی  2019 کے بعد دوسرا سب سے بڑا نیلامی کا ریکارڈ ہے۔ سب سے مہنگی نیلامی 2019 میں ہوئی تھی، جب 278 کلوگرام وزنی ٹونا مچھلی 3.1 ملین ڈالر (تقریباً 86 کروڑ 33 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی تھی۔

سی این این کے مطابق ٹوکیو کی یہ نیلامی ہر سال نئے سال کی پہلی نیلامی کے طور پر خاص اہمیت رکھتی ہے۔ سوشی اونودیرا کے صدر شنجی نگاؤ نے کہا"سال کی پہلی ٹونا مچھلی خوش قسمتی کی علامت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کھانے کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لائیں۔"اونودیرا گروپ، جو ٹوکیو اور لاس اینجلس میں مشیلن سٹار ریستوران چلاتا ہے، نے مسلسل پانچویں سال سب سے مہنگی بولی لگائی ہے۔

یہ قیمتی ٹونا مچھلی جاپان کے شمال مشرقی علاقے اومہ کے ساحل سے پکڑی گئی۔ مچھلی کو پکڑنے والے 73 سالہ ماہی گیر ماساہیرو تاکیوچی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا "مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے، لیکن میں ہمیشہ اس فکر میں رہتا ہوں کہ میں کب تک ایسی مچھلیاں پکڑ سکوں گا۔"

بلیوفن  ٹونا مچھلی دنیا کی سب سے بڑی ٹونا مچھلی ہے، جو 40 سال تک زندہ رہ سکتی ہے اور 10 فٹ لمبائی تک پہنچ سکتی ہے۔ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ  کے مطابق، یہ مچھلی دنیا بھر کے سمندروں میں نقل مکانی کرتی ہے اور 1500 پاؤنڈ وزن تک پہنچ سکتی ہے۔ گزشتہ دہائیوں میں غیر قانونی شکار اور حد سے زیادہ ماہی گیری کی وجہ سے ان کی آبادی شدید متاثر ہوئی ہے۔

مزیدخبریں