کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میہڑ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے سمری پر دستخط کرنے پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے اور عمران خان کے بغیر باقی سب کچھ زیرو ہے۔
نجی ٹی وی 24نیوز کے مطابق میہڑ میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے دریائے سندھ سے پانی نکالنے کی سمری پر دستخط کر کے خود کو پھنسالیا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ ڈرامے کر رہے ہیں اور عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں اور سندھ کے عوام سے سوال کیا کہ سمری پر دستخط کس نے کئے ہیں، مزید کہا کہ اس نظام کے خلاف قوم اٹھ چکی ہے اور عمران خان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کر لیا گیا ہے اور اس طرح کے حربے مزید کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے الیکشن چوری کو گندے نظام کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں جس کے خلاف پی ٹی آئی جدوجہد کر رہی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ قیادت اور کارکنوں نے جیلیں کاٹی ہیں اور اب بربریت، فسطائیت اور فارم 47 والے نظام کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ صدر حلیم عادل نے آخر میں کہا کہ عوام سب کچھ سمجھ چکے ہیں اور عمران خان کے بغیر باقی سب زیرو ہیں۔