لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب میں مختلف یونیورسٹیوں کے 180 طلباء نے انٹرن شپ کورس مکمل کر لیے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے انٹرنشپ کورس مکمل کرنے والے طلباء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ڈی جی پی آر میں طلباء کے اعزاز میں خصوصی طور پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے انٹرنشپ کورس مکمل کرنے والے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ چند ماہ میں 180 طلباء و طالبات نے انٹرن شپ کورس مکمل کیا ہے۔180 طلباء نے و طالبات نے الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا اور پرنٹ میڈیا میں نمایاں کام کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ میرے ادارے کے دروازے تمام یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کے لیے کھلے ہیں۔
ڈی جی پی آر انٹرن شپ کروانے کے سلسلے کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہاں طلباء و طالبات کو اچھا اور فیملی جیسا ماحول مہیا کیا جاتا ہے۔ جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق طلباء کو کنونشنل میڈیا و ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق آگاہی وقت کی ضرورت بن چکے ہیں۔
انٹرن شپ کورس مکمل کرنے والے طلباءہ کا تعلق فارمن کرسچن کالج یونیورسٹی، لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف نارووال اور پنجاب یونیورسٹی سے تھا۔تقریب میں ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد، ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا سہیل رانا، ڈپٹی ڈائریکٹر حفصہ جاوید اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ سے ردا ملک نے خصوصی شرکت کی۔