گنڈاپور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبرپختونخوا کی ناک کٹوا دی، اگر گرفتاری ہوتی تو فوٹیج بن جاتی :فیصل کریم کنڈی

Oct 06, 2024 | 04:12 PM


اسلام آباد(آئی این پی )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ وزیراعلی علی  امین گنڈاپورخود ساختہ روپوشی میں ہیں،پی ٹی آئی بھی انہیں ڈھونڈ رہی  ہے اور ہم بھی ،اگر وہ گرفتار ہوئے تو ثبوت دیں، گنڈاپور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبرپختونخوا کی ناک کٹوا دی، اگر گرفتاری ہوتی تو فوٹیج بن جاتی ،ساری دنیا وہاں موجود تھی،وہ ر وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں ، اسلام آباد پر حملہ آور جتھہ اگر پرامن ہوتا تو کانسٹیبل کی جان نہ جاتی ، ملک دشمنی پی ٹی آئی کا واحد ایجنڈا ہے۔
 ڈی چوک میں پولیس کے   شہید اہلکارکی نماز جنازہ  کی ادائیگی کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے کہا وہ لوگ  بھی دعویٰ کررہے ہیں کہ ہمارے بندے بھی زخمی ہوئے ہیں،ہم انہیں کہتے ہیںکہ آپ کے زخمی کس ہسپتال میں داخل ہے کیا پی ٹی آئی کی قیادت نے ان زخمیوں کی عیادت کی ہے کیا آپ کے پاس ان کی تصاویر موجود ہے ملک دشمنی پی ٹی آئی کا واحد ایجنڈا ہے اور ان کا ماضی اس پر گواہ ہے انہوںنے ماضی میں بھی چین کے صدر کا دورہ ملتوی کروایا اور اب بھی یہ ایس سی او کانفرنس کے پیچھے پڑے ہیں ،ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورے کے موقع پر انہوں نے اسلام آباد میں احتجاج کیاہمارے پچھلے دور حکومت میں آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے میں بھی انہوں نے رکاوٹیں ڈالی تھیں۔9مئی میں بھی یہی لوگ ملوث تھے ۔

 فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی طرف سے صرف بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کو احتجاجی مظاہرے سے خطاب کی دعوت دینا اس بات کا کھلا ثبوت ہیں کہ یہ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کررہے ہیںانہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعلیٰ صاحب کل سے خودساختہ روپوش ہیںپی ٹی آئی بھی انہیں ڈھونڈ رہی ہے اور ہم بھی انہیں ڈھونڈ رہے ہیں وہ اپنے کارکنوں کو بے سروسامانی کی حالت میں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
 گورنر نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلاکر ڈرامہ رچایا جارہا ہے جس کا مقصد وزیراعلیٰ کی خود ساختہ روپوشی کو وفاقی حکومت پر ڈالنا ہے اگر انہیں گرفتار کیا گیا ہے تو اتنے چینلز کے کیمرے ڈی چوک اور کے پی کے ہاؤس کے باہر موجود تھے،ساری دنیا  وہاں موجو د تھی  تو فوٹیج کیوں نہیں بن سکی ۔ کسی ایک موبائل کیمرے کا کلپ موجود نہیں ہے علی امیں گنڈا پور روپوشی میں مزے لوٹ رہے ہیں اور وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں ۔ گورنرنے کہا کہ جب پی ٹی آئی کے کارکنوں کو معلوم ہوگا کہ وہ گزشتہ انتخابات میں کس کے مہمان بنے ، الیکشن کیسے مینج کیا وزیراعلیٰ کیسے بنے تو انہیں افسوس ہوگا۔ گنڈا پورکی کوشش ہے کہ عمران خان جیل سے باہر نہ آئیں تاکہ وہ کرپشن کے مزے لوٹتے رہیں۔ خیبرپختونخوا میں اس وقت صرف ایک ہی چیز کرپشن کا کھیل جاری ہے ۔ 
گورنرنے کہا کہ یہ لوگ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کا ایک مچھر نہیں مارسکتے اور ادھر بڑی بڑی بڑھکیں مارتے ہیںاور گاڑی کی ڈگی میں غائب ہوجاتے ہیں۔گنڈاپور نے ڈگی میں فرار ہو کر خیبرپختونخوا کی ناک کٹوا دی،انہوں نے کہا کہ کہ ڈگی میں فرار ہونا کوئی بات نہیں بنتی ان کے جلسے میں سب سے خوفناک بات یہ ہے کہ کے پی کے سے اسلام آباد اور پنجاب کی طرف خطر ناک اسلحہ منتقل کیا جاتا ہے  اور دہشتگردوں کو سپلائی کیا جاتا ہے یہ اسلحہ افغانستان سے آتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وکٹ کی دوسری طرف کوئی بھی ہوسکتا ہے ضروری نہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ہی ہو۔
 گورنر راج کے سوال کے پر انہوں نے کہا کہ یہ کوئی انہونی بات نہیں ہے یہ دستور میں موجود ہے اور حالات پر اس کا فیصلہ کیا جاتا ہے ،بلوچستان میں ہم نے اپنی حکومت میں دہشتگردی کی وجہ سے گورنر راج لگایا تھامیرا صوبہ اس وقت آگ کی ہولی میں کھیل رہا ہے کل فوج کی دوبارہ شہادتیں ہوئی ہیں، شام کے بعد صوبے میں دہشتگردوں کا راج ہوتا ہے ہمارے علاقے نوگوایریا بن چکے ہیں گورنر راج لگانا وفاق کا اختیار ہے انہوں نے کہا کہ جو بندہ اسلحہ ، شراب برآمدگی میں مطلوب ہو اور سب سے  بڑھ کر 9مئی میں مطلوب ہو ،اس کی گمشدگی یا روپوشی پر ہمیں کیوں تشویش ہوگی ۔

مزیدخبریں