لاہور (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر شافع حسین نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ چوہدری شافع حسین نے سندس فاؤنڈیشن کے مختلف شعبہ جات میں مریضوں کے لیے مہیا کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےصوبائی وزیر نے سندس فاؤنڈیشن کی انسانیت کی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سندس فاؤنڈیشن کا معاشرے کیلئے کام بے مثال ہےجو مستحق اور نادار مریضوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ سندس فاؤنڈیشن کے کام کو مزید آگے بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے تاکہ ہر ضلع میں سندس فاؤنڈیشن کا سنٹر قائم ہوسکے اور تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کو ان کے قریب صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے فاؤنڈیشن کے عملے کی محنت اور جذبے کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ادارہ انسانیت کی خدمت کا ایک بہترین عملی نمونہ ہے۔
صوبائی وزیر نے پنجاب بالخصوص لاہور میں سموگ کے حوالے سے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اس عفریت سے نجات حاصل کرنا لازمی ہوچکا ہے تاکہ ہمارے بچے اس سے محفوظ رہیں۔
سندس فاؤنڈیشن کے دورے میں میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان گیلانی نے صوبائی وزیر کو سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کیا جانے والی سہولیات کے بارے بریف کیا اور بتایا کہ اس وقت تھیلیسیمیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا 7000 سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے۔
ان مریضوں کو مہینے میں کم از کم دو بار خون کی ضرورت ہوتی ہے جوکہ سندس فاؤنڈیشن مہیا کر رہا ہے اس کے علاوہ ان مریضوں کو ہر قسم کی ادویات بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جاتی ہیں۔
صوبائی وزیر کو ان کے دورے کے اختتام پر صدر سندس فاؤنڈیشن یاسین خان نے یادگاری شیلڈ پیش کی، انکی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چوہدری ظہور الہی کے خاندان کی جانب سے ہمیشہ معاشرے کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جاتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ اس موقع پر سی او او سندس فاؤنڈیشن عبدالستار، ڈائریکٹر فنانس علی رؤف، مینیجر مارکیٹنگ کمیونیکیشن،پی آر اینڈ میڈیا عمران مہر بھی موجود تھے۔