اداکارہ اریج چوہدری نے اسلحے کی مدد سے اپنے اغوا ءکی کوشش ناکام بنانے کا انکشاف کردیا

Nov 07, 2024 | 08:13 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی اداکارہ اریج چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اسلحے کی مدد سے اپنے اغواء کی کوشش ناکام بنائی۔نجی نیوز چینل کے پروگرام میں اداکارہ نے بتایا کہ ایک بار انہوں نے آن لائن ٹیکسی بک کروائی لیکن جب گاڑی ان کی لوکیشن پر پہنچی تو انہوں نے گاڑی کا نمبر اور دوسری چیزیں چیک ہی نہیں کیں اور گاڑی میں بیٹھ گئیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی دوست کے پاس جا رہی تھیں لیکن گاڑی کا نمبر اور دوسری چیزیں نہ کرنے کی وجہ سے انہیں مشکل پیش آئی۔

اریج چوہدری نے کہا کہ وہ لائسنس یافتہ اسلحہ اور حفاظت کی دوسری چیزیں ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتی ہیں اور اس وقت بھی ان کے پاس حفاظتی چیزیں موجود تھیں۔ کچھ دیر کے بعد انہوں نے نوٹ کیا کہ وہ جن راستوں سے گاڑی گزر رہی ہیں، وہ راستے دوسرے ہیں، ان کی لوکیشن کی طرف نہیں جاتے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ ٹیکسی ڈرائیور فون پر دوسرے افراد سے بھی مشکوک باتیں کر رہا ہے لیکن اس باوجود انہوں نے کچھ نہیں کیا اور ٹیکسی ڈرائیور کو نوٹ کرتی رہیں۔

اریج چوہدری کے مطابق آگے چل کر انہوں نے دیکھا کہ ایک سڑک پر ان کی گاڑی کے آگے5 موٹر سائیکل سوار افراد آکر کھڑے ہوگئے، تب انہوں نے اپنا لائسنس یافتہ اسلحہ نکالا اور ڈرائیور کے جسم پر رکھ کر انہیں گاڑی تیز کرنے کا کہا۔ اسلحہ دیکھنے کے باوجود ڈرائیور نے گاڑی تیز نہیں کی، جس کے بعد انہوں نے چاقو نکال کر ڈرائیور کے جسم پر زخم کیا، جس کے بعد ڈرائیور نے وہاں سے گاڑی تیز کی۔ اپنی ہوشیاری اور حاضر دماغی کی وجہ سے انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور کی کوشش ناکام بنائی لیکن وہ اپنی ہی غلطی کی وجہ سے مذکورہ مسئلے میں پھنسیں تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ آگے چل کر وہ ٹیکسی سے راستے میں ہی اتر گئیں اور ڈری اور سہمی ہوئی اپنی دوست سے ملنے ہوٹل پہنچیں، جہاں انہیں دوست دیکھ کر حیران رہ گئیں اور پوچھا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے؟

اریج چوہدری کے مطابق انہوں نے مذکورہ واقعے کا مقدمہ دائر نہیں کروایا، کیوں کہ انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور اور ٹیکسی کا نمبر اور دوسری چیزیں نوٹ ہی نہیں کی تھیں۔

مزیدخبریں