بھارتی ایئر شو نے 5 افراد کی جان لے لی

Oct 07, 2024 | 04:06 PM

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت کے شہر چنئی میں بھارتی فضائیہ کی 92 ویں سالگرہ منانے کے لئے منعقد ایئر شو کے دوران ہیٹ سٹروک سے 5 افراد کی موت ہوگئی جبکہ ہزاروں افراد بے ہوش ہوگئے۔ ایئر شو کا انعقاد مرینا بیچ پر کیا گیا جہاں 15 لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مرینا بیچ دنیا کے طویل ترین ساحلوں میں سے ایک ہے جہاں ایئر شو کا انعقاد کیا گیا اور اسی دن درجہ حرارت 35 ڈگری کو چھو گیا۔ چنئی کے ٹرپلیکین علاقے کے ایک سینئر پولیس افسر آر الگو نے ٹیلی فون پر بتایا کہ ایئر شو میں شرکت کے دوران دو افراد کی موت بنیادی طور پر پانی کی کمی کی وجہ سے ہوئی۔ وہ گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے اور پھر ان کی موت ہو گئی۔ شہر کے میلا پور علاقے میں ایک اور پولیس افسر ٹی ویویکانندن نے کہا کہ ایک تیسرا شخص ”گرمی کی وجہ سے“ مر گیا ہے۔ تقریب میں شریک ایک سافٹ ویئر انجینئر چندراموہن نے بتایا کہ تقریب میں ”گرم اور مرطوب“ موسم کے باوجود پانی کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں تھا اور انہوں نے کئی لوگوں کو پانی کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو بے ہوش ہوتے دیکھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر افراد بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے، انتظامیہ نے پانی کی دستیابی اور دیگر بنیادی سہولیات پر بالکل توجہ نہیں دی۔

مزیدخبریں