کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ انٹر بورڈ امتحانات میں کئی طالب علم ایسے بھی تھے جنہوں نے اپنی امتحانی کاپیوں میں گانے، کہانیاں اور صرف سوال نامہ لکھا تھا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ شرف علی شاہ نے کہا کہ چارج لیتے ہی نتائج کی تحقیقات سے متعلق ایک کمیٹی بنائی جس میں مضامین کے ماہرین اور ایک پرنسپل کو کمیٹی کا کنوینر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، شکایتی سیل قائم کردیا ہے تاکہ کسی کو کوئی مشکل نہ ہو جبکہ تحقیقات کے لئے ہیڈ ایگزامینر کی میٹنگ بھی بلائی تھی،ایگزامینرنے بتایا کہ کچھ بچوں نے کاپیوں میں کہانی،گانے اور سوالنامہ ہی تحریرکیا ہوا ہے۔
چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ نے بتایا کہ کسی بچے نے کاپی میں ہزار روپے کا نوٹ رکھا اورلکھا میری گنجائش اتنی ہی ہے پلیز مجھے پاس کریں۔
واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت گیارہویں جماعت کے نتائج کے آنے کے بعد اس حوالے سے طلبہ و والدین سمیت سیاسی جماعتیں بھی تحفظات کا اظہار کررہی تھیں جبکہ بورڈ نے تحفظات کا اظہار کرنے پر طلبہ کے لئے سکروٹنی فیس 50 فیصد کم کردی ہے۔