اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات حاصل ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے منسلک لوگ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، جان بوجھ کر عمران خان پر ظلم کی باتیں کی گئیں اور جان بوجھ کر پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو چل رہی ہے جس میں علیمہ خان پی ٹی آئی سوشل میڈیا آپریٹر احسن خان سے گفتگو کررہی ہیں جس میں مشال یوسفزئی سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ گفتگو میں عمران خان کی جیل سہولیات سے متعلق بات کی ہے، جہاں پر انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ عمران خان کو جیل میں کسی قسم کی سہولت کی بات نہیں کرنی چاہئے کیوں کہ اس سے ہمارا سیاسی بیانیہ کمزور ہوگا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو اور اس میں ہونے والی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیل میں عمران خان کے مظالم کا پراپیگنڈا جان بوجھ کر کیا جاتا رہا تاکہ لوگوں کو احساس ہوسکے کہ وہاں پر حکومت کی جانب سے بہت ظلم اور زیادتی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو یاد ہوگا کہ علیمہ خان نے ایک بار کہا تھا کہ عمران خان کو جیل میں زہر دینے کی بات ہورہی ہے، اسی ویڈیو میں وہ عمران خان کے جیل میں ہونے سے سیاسی مفادات کا تذکرہ بھی کررہی ہیں کہ ان کے جیل میں رہنے سے ہمیں کتنا فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم کے مشیر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات میسر ہیں اور پی
ٹی آئی کے جھوٹے دعووں کی حکومت ماضی میں بھی تردید کرتی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں بشریٰ بی بی، شیر افضل مروت اور علی امین گنڈا پور سے متعلق جو ذکر ہے ، یہ ساری چیزیں اس لئے غور طلب ہیں کہ یہ جنگ ان لوگوں کے ساتھ ہورہی ہے جو اس وقت پی ٹی آئی کے کرتا دھرتا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس جماعت میں لوگ ایک دوسرے کے خلاف اس قسم کی سازش اور گھٹیا طریقہ کار آزما رہے ہوں تو ان سے کیا توقع کی جاسکتی ہے، بانی پی ٹی آئی کا ریاست، اداروں، حکومت اور اداروں کے سربراہوں سے متعلق جو موقف ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے ان کا اپنا بھٹھہ بٹھادیا ہے، منصوبہ بندی کے تحت حکومت مخالف پراپیگنڈا کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا پراپیگنڈے کی بنیاد پر بڑی جماعت بنی، منصوبہ بندی کے تحت حکومت مخالف پراپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری کوشش ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام آگے بڑھے، 26 نومبر کے احتجاج میں ہلاکتوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا گیا، اس جماعت کے لوگ آپس میں بھی لڑرہے ہیں اور دوسری جماعتوں سے بھی لڑرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے لئے کہیں سے کوئی دباو نہیں ہے، مذاکراتی کمیٹی میں تمام اتحادیوں کو بھی شامل کیا گیا۔