لاس اینجلس کے جنگل میں آگ، کئی اداکاروں کے گھر جل گئے، ہزاروں لوگ بے گھر، لاکھوں بجلی سے محروم

Jan 08, 2025 | 07:27 PM

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاس اینجلس کے پسیفک پالیسڈز  میں لگی جنگل کی آگ نے ہزاروں افراد کو اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور کر دیا ہے، جن میں مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔ پالیسڈز فائر، جو سانتا آنا ہواؤں کی شدت سے بھڑک اٹھی تھی، منگل کی صبح سانتا مونیکا پہاڑیوں میں شروع ہوئی اور ایک گھنٹے کے اندر 200 ایکڑ زمین پر پھیل گئی۔ سورج غروب ہونے تک یہ آگ تقریباً تین ہزار ایکڑ تک پہنچ چکی تھی۔

اورنج کاؤنٹی کے فائر چیف برائن فنیسی نے فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آگ کو روکنے کے لیے زیادہ کچھ نہیں کیا جا سکتا، اس لیے امدادی ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں بچانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔

ریالٹی ٹی وی کی جوڑی اسپنسر پرٹ اور ہائیڈی مونٹگ نے تصدیق کی کہ ان کا گھر اس آگ میں جل کر خاکستر ہو گیا۔ اسپنسر پرٹ نے اس واقعے کے حوالے سے سنیپ چیٹ پر ویڈیوز شیئر کیں جن میں وہ دکھا رہے تھے کہ آگ تیزی سے ان کے گھر کے قریب آ رہی ہے۔ ہائیڈی مونٹگ نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ ان کا گھر جل چکا ہے، لیکن وہ دونوں محفوظ ہیں۔

اداکار کرس پراٹ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ لوگوں کو ان کے ساتھ مل کر فائر فائٹرز کے لیے دعا کرنی چاہیے۔ انہوں نے لکھا "خدا ان جانوں کی حفاظت کرے جو آگ سے لڑ رہے ہیں اور ان کی حفاظت کرے جو علاقے سے نکلنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔"

دیگر مشہور شخصیات نے بھی اس سانحے پر ردعمل ظاہر کیا۔ کینڈیئس کیمرون بیورے نے انسٹاگرام پر آگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ منظر "دل دہلا دینے والا" ہے اور فائر فائٹرز اور ایمرجنسی عملے کی حفاظت کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی۔

اداکارہ ڈینیز کروس بی نے "ایکس" پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے شوہر محفوظ ہیں، لیکن انہیں نہیں معلوم کہ ان کا گھر بچا ہے یا نہیں۔ٹام ہینکس کے بیٹے چیٹ ہانکس نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ " میں جس محلے میں پلا بڑھا ہوں وہ جل کر تباہ ہو رہا ہے۔"

اداکار جیمز وڈز نے ایکس پر اپنی پوسٹس میں بتایا کہ ان کے پڑوسیوں اور ان کے گھر کو آگ اور دھوئیں نے گھیر لیا تھا اور وہ اپنے خاندان کے ساتھ علاقے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ لاس اینجلس شہر ہالی ووڈ کا مرکز ہونے کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور اور بڑی بڑی سلیبریٹیز کا گھر ہے۔ یہاں جنگل میں لگنے والی آگ پر ابھی تک کسی قسم کا کوئی قابو نہیں پایا جاسکا۔ آگ کی وجہ سے 30 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہوچکے ہیں جب کہ لاس اینجلس میں دو لاکھ لوگ بجلی سے محروم ہیں۔

مزیدخبریں