لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف فیلڈ آپریشن آٹھویں روز بھی جاری رہا۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، عمر شیر چٹھہ کی نگرانی میں صوبے بھر میں مختلف مقامات پر ناکے لگائے جا رہے ہیں ۔ گزشتہ روز محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی فیلڈ ٹیموں نے 35 سے زائد مقامات پر 10008 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی۔ اس دوران 380 گاڑیاں غیر رجسٹرڈ پائی گئیں جبکہ 1043 گاڑیوں کے مالکان نے ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا تھا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ثوکن ٹیکس نا دہندگان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی 1 کروڑ 28 لاکھ 47 ہزار 175 روپے وصول کیے۔ 1043 نادہندگان کے ذمہ مجموعی طور پر 1 کروڑ 37 لاکھ 86 ہزار 154 روپے واجب الادا تھے۔ آپریشن کے دوران غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے ساتھ چلنے والی 590 گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی تلفی بھی عمل میں لائی گئی۔
ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو پنجاب میں رجسٹرڈ کروائیں، جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے استعمال سے گریز کریں اور اپنا ٹوکن ٹیکس بروقت ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کا احترام شہریوں کی حفاظت کا ضامن ہے اور سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون نہ صرف بہتر نظام کے قیام میں معاون ثابت ہوگا بلکہ شہریوں کو مختلف قانونی مسائل سے بھی محفوظ رکھے گا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے یہ آپریشن خالصتاً عوامی مفاد میں کیے جا رہے ہیں تاکہ قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے مزید کہا کہ عوام قوانین پر عمل کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔