رواں مالی سال،تعمیراتی و کان کنی مشینری کی درآمدات میں کمی

Mar 08, 2021


اسلام آباد (اے پی پی) تعمیراتی اور کان کنی کی مشینری کی درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران32.86 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبرکے دوران درآمدات کا حجم 5 کروڑ 42 لاکھ 94 ہزار ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں اسی عرصہ کے دوران تعمیراتی اور کان کنی کی مشینری کی درآمدات 8 کروڑ 87 لاکھ ایک ہزار ڈالر رہی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران درآمدات میں 2 کروڑ 65 لاکھ 77 ہزار ڈالر یعنی 32.86 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات 0.52 فیصد کمی سے 23 کروڑ 21 لاکھ 29 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 23 کروڑ 9 لاکھ 11 ہزار ڈالر تک کم ہو گئیں۔ ادھر الیکٹرک میشنری کی درآمدات میں بھی 46.26 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور درآمدات کی مالیت ایک ارب 19 کروڑ 22 لاکھ 74 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 64 کروڑ 7 لاکھ 4 ہزار ڈالر تک کم ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران متفرق مشینری کی درآمدات میں بھی 5.20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور درآمدات کا حجم  22 کروڑ 85 لاکھ 9 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 21 کروڑ 66 لاکھ 37 ہزار ڈالر تک کم ہو گیا اس طرح سے رواں مالی سال میں تعمیراتی و کان کنی مشینری کی درآمدات میں کمی واقع ہوئی۔

مزیدخبریں