میڈیکو لیگل آفیسرز کی پوسٹوں پر فوری پُر کیا جائے،خرم شیر زمان

May 08, 2019


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں خالی میڈیکو لیگل افسروں کی پوسٹوں کو فوری پُر کیا جائے۔ یہ ایک حیران کن بات ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے 70 ایم ایل او کی پوسٹوں پر اب تک بھرتیاں کرنے کی منظوری نہیں دی گئی جبکہ پورے شہر کے 9 ہسپتالوں میں اس وقت صرف 29 ایم ایل اوز کام کر رہے ہیں۔ میڈیا سیل کراچی سے جاری کردہ اپنے میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ انہی اقدامات کی وجہ سے کئی سالوں سے صوبہ سندھ بد حالی کا شکار ہے۔ اس قسم کا رویہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کو نظر انداز کرنے کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت 9 میں سے صرف 3 ہسپتالوں میں ایم ایل او کی مکمل سہولت موجود ہیں۔ کراچی کے وہ سرکاری ہسپتال جہاں خواتین ایم ایل اوز کی صورتحال کسی قدر قابل قبول نہیں ہے۔ اس وقت 4 خاتون ایم ایل اوز کراچی میں کام کر رہی ہیں جبکہ شہر میں تقریبا 9 خاتون ایم ایل اوز کی ضرورت ہے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ جب ہم تشدد کا شکار افراد کی جانچ پڑتال کرتے ہیں تو اس میں ایم ایل او رپورٹ کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔شہر کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر بڑھتے ہوئے جرائم کے واقعات میں ایم ایل او کا کام انتہائی اہم ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ حکومت سندھ اس اہم معاملے کے حل میں کہیں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی۔ خرم شیر زمان نے وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کراچی میں ایم ایل اوز کی آسامیوں کو پٗر کیا جائے اور کراچی کے ہسپتالوں میں ایم ایل او کی تمام تر سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کروائی جائے۔

مزیدخبریں