کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج کوئٹہ میں جلسے کے اعلان پر پولیس کی بھاری نفری کو ہاکی گراونڈ جلسہ گاہ تعینات کردیا گیا جبکہ گراونڈ کے مرکزی دروازے کو بھی سیل کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے آج کوئٹہ کے ہاکی گراونڈ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ہاکی گراو¿نڈ کو پولیس کی بھاری نفری نے گھیرے میں لے رکھا ہے، ہاکی گراونڈ کے مرکزی دروازے کو بھی جلسے کی وجہ سے سیل کردیا گیا ہے جبکہ جلسہ گاہ جانے والے تمام راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔تحریک انصاف کو ضلعی انتظامیہ نے جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق جلسہ ہر صورت ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق امن و امان کے خدشات ہیں اور سکیورٹی فراہم کرنا چیلنج ہوگا، خلاف قانون اگر کوئی بھی اقدام کیا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔
تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کو ایوب سٹیڈیم یا ہاکی گراونڈ میں جلسے کے لئے درخواست دی تھی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایوب سٹیڈیم میں پبلک سروس کمیشن کے امتحانات جاری ہیں جبکہ حکومت نے کھیلوں کے گراو¿نڈ میں سیاسی جلسہ کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔