گوادر (ڈیلی پاکستان آن لائن ) انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا اہم قدم، چیف جسٹس نے دور دراز اضلاع کے دوروں کا فیصلہ کر لیا۔
عدالتی اصلاحات پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت گوادر میں اجلاس ہوا، اجلاس میں اصلاحی نظام سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا، ضلعی عدلیہ کو بہتر بنانے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے چیف جسٹس نے ذاتی دوروں کا فیصلہ کیا، چیف جسٹس موقع پر پہنچ کر مسائل کا تدارک کریں گے۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے آج گوادر کا دورہ کیا، تربت، پنجگور اور چاغی سمیت دیگر اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز نے چیف جسٹس سے ملاقات کی، ملاقات میں چیف جسٹس نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی افسران کے وقار کو مقدم رکھنے کا عزم کیا، چیف جسٹس نے متعلقہ ہائیکورٹس کو دور دراز کی ضلعی عدلیہ پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی اور دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے عدالتی افسران کی خدمات کو سراہا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پورے ملک کی عدلیہ کا وقار مجروح نہیں ہونے دیں گے، دور دراز کی عدلیہ خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس کی زیر صدارت اجلاس میں بلوچستان کے لئے ذیلی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، ذیلی کمیٹی مختلف جیلوں کا دورہ کرے گی، نظام کو بہتر بنانے کے مقصد سے اصلاحات کا ایک جامع پیکیج پیش کرے گی۔
اجلاس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس ہاشم خان کاکڑ بھی شریک ہوئے، مانیٹرنگ جج برائے جیل خانہ جات جسٹس عبداللہ بلوچ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔