پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا ہے کہ ہم اپنا ماڈل لائیں گے کسی اور ملک کو فالو نہیں کریں گے۔
نجی ٹی وی چینل "دنیا نیوز" کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی متعدد جیلوں میں گنجائش کی کمی ہے، 100 قیدیوں کی گنجائش والی جیلوں میں 400 قیدیوں کو رکھا جا رہا ہے، اکثر جیلوں میں قیدیوں کو موسمی صورتحال کے مطابق سہولیات کا فقدان ہے، خواتین اور جوینائل کی جیلوں میں سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2007 کو میں خود بھی جیل میں رہا ہوں، دارالامان کو صرف ایک اعلامیہ کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے، اس کیلئے کوئی خاص قانون سازی نہیں کی گئی ۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم کا کہنا تھا کہ منشیات کیسز میں گرفتار قیدیوں میں 90 فیصد قیدی منشیات کے عادی ہیں جو جیلوں پر شدید بوجھ ہے، منشیات کے کیسز بڑھ گئے ہیں ان کو بحالی سنٹرز میں ہونا چاہیے، منشیات کے عادی افراد کیلئے بحالی سنٹرز بھی بنائے جائیں۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ پولیس،محکمہ داخلہ ،جوڈیشل ڈپارٹمنٹ سمیت دیگر جیل اصلاحات کیلئے نیا ماڈل لا رہے ہیں، زیر التواء کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے، بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ زیر التواء کیسز میں کمی لائیں۔