خواتین کو بااختیار بنانے کیلیے مشاورتی اجلاس، بزنس میکانزم اور مالی شمولیت کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں خواتین کے لیے بزنس میکانزم اور مالی شمولیت کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری سعدیہ تیمور، سیکرٹری ومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ عثمان علی خان، چیمبر آف کامرس کے اراکین اور مختلف کاروباری خواتین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خواتین کی قیادت میں نمائندگی کو بڑھانے، اور ان کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے عملی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارلیمانی سیکریٹری سعدیہ تیمور نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے میں تعاون کی اشد ضرورت ہے تاکہ خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔کاروباری خواتین کے لیے فنڈز اور نیٹ ورکنگ مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ہنر کے فروغ کے لیے تربیتی پروگرامز بھی ترتیب دیے جا رہے ہیں.
انہوں نے اعلان کیا کہ اس سال ویمن ڈے 8 مارچ کو منفرد انداز میں منایا جائے گا، اور مختلف شعبوں میں نئے چہروں کو متعارف کروانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ویمن ڈے کے موقع پر 11 چیمبرز آف کامرس کے تحت خواتین کو سٹالز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مزید فروغ دے سکیں۔
اجلاس میں شریک اراکین نے خواتین کے لیے مالی شمولیت اور بزنس میکانزم کو موثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں اور ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات کو سراہا۔