لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں یوم اقبال کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیئر پرسن پنجاب او پی سی بیرسٹر امجد ملک تھے، کمشنر پنجاب او پی سی مرزا نصیر عنایت، ڈائریکٹر جنرل فیصل فرید، سیکرٹری انٹرنیشنل افیئرز پاکستان مسلم لیگ(ن) نور الحسن تنویر اور پنجاب او پی سی افسران کے علاوہ مختلف ممالک سے آئے ہوئے نمایاں اوورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی۔
کمشنر پنجاب او پی سی مرزا نصیر عنایت اور جملہ ٹیم نے بیرسٹر امجد ملک کی بطور وائس چیئرپرسن پنجاب او پی سی تعیناتی پر خیر مقدم کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا-
وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے مسلمانان ہند میں آزادی اور حریت کا جذبہ بیدار کیا،پاکستان کا قیام علامہ اقبال کے خوابوں کی ہی ایک زندہ و جاوید حقیقت ہے۔
وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک نے پنجاب او پی سی افسران کو علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں اسی جذبے اور لگن سے کام کرنے کی تلقین کی تاکہ دیار غیر میں بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو فوری حل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے،بعد ازاں وائس چیئر پرسن بیرسٹر امجد ملک نے پنجاب او پی سی افسران کے ہمراہ یوم اقبال کی خوشی میں کیک کاٹا، تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی، خوشحالی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔