پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنا کر رہیں گے، قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوبارہ ایشیئن ٹائیگر بنائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کے کارکنان متحد ہیں اور ان کی پارٹی کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں۔ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان کے حالات ماضی کے مقابلے اب بہتر ہو رہے ہیں۔ اور پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے۔ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو رہے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت میں پاکستان نے ہمیشہ ترقی کی ہے۔ اور ایک بار پھر پاکستان کا گروتھ ریٹ پہلے سے بہتر ہو رہا ہے۔ ہماری حکومت میں خلل نہ آتا تو پاکستان آج ایشیئن ٹائیگر بن چکا ہوتا۔ کچھ لوگوں نے ذاتی مفادات کی خاطر ملک کو داؤ پر لگایا۔ اور مجھے ساری زندگی کے لیے سیاست سے نااہل کیا گیا۔ مجھے پارٹی کی صدارت سے بھی اتارا گیا۔
صدر مسلم لیگ (ن )نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اور ہماری حکومت میں خلل نہ آتا تو پاکستان جی 20 میں شامل ہوتا۔ شہباز شریف ملک کی ترقی کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں اور پاکستان کو دوبارہ ایشیئن ٹائیگر بنائیں گے۔