بیرون ملک سے آنے والے اپنے ساتھ کتنے موبائل فون لا سکتے ہیں؟ ایف بی آر کا بڑا فیصلہ

Dec 10, 2024 | 11:21 AM

اسلام آباد (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) نے بیگج سکیم کے تحت بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو اپنے ساتھ کمرشل مقدار میں اشیا ءلانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 1200 ڈالرز سے زائد مالیت کی اشیا کمرشل ٹریڈنگ تصور کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے بیگج رولز 2006 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر کے سٹیک ہولڈرز سے آراء کے لیے جاری کردیا ہے مجوزہ رولز کے بارے میں 7 دن کے اندر اندر آراء و تجاویز دی جاسکتی ہیں اور مقررہ معیاد کے بعد موصول ہونے والی تجاویز و آراء کو قبول نہیں کیا جائے گا مقررہ معیاد تک آراء و تجاویز موصول نہ ہونے پر گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے مجوزہ رولز لاگو کر دیئے جائیں گے۔

بیگج سکیم کے تحت بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کو اپنے ذاتی استعمال کے لیے صرف ایک موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت ہوگی، مجوزہ رولز میں کہا گیا ہے کہ ایک فون کے علاوہ باقی جو بھی موبائل فون ہوں گے وہ ضبط کر لیے جائیں گے۔

بیگج سکیم کے تحت بارہ سو ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا ساتھ لانے والے مسافروں کی اشیا ڈیوٹی و ٹیکسوں اور جرمانوں کی ادائیگی پر بھی کلیئر نہیں کی جائیں گی۔

مزیدخبریں