حکومت کا پی آئی اے انجینئرنگ یونٹ پاک فضائیہ کو فروخت کرنے کا فیصلہ

Dec 10, 2024 | 04:54 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت نے قومی ایئرلائن کا شعبہ انجینئرنگ 6.5 بلین روپوں میں پاک فضائیہ کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سمری وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ پریسشن انجینئرنگ کمپلیکس (PEC) کی مالیت 6.5 ارب روپے ہے جس میں موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن سے متعلقہ واجبات کے 4 ارب روپے بھی شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کو اس شعبے کو خریدنے کی مد میں حکومت کو آئندہ 5 برسوں میں 2.5 ارب روپے نقد ادا کرنا ہوں گے۔
علاوہ ازیں آئندہ دس برس میں ریٹائرڈ ہونے والے 259 ملازمین کی پنشن اور پراویڈنٹ فنڈ کی مد میں 3 ارب روپے کے واجبات بھی ادا کرے گی۔
اسی طرح موجودہ 251 ملازمین کی تخمینہ شدہ پنشن اور پراویڈنٹ فنڈ کی واجبات میں بھی مزید 1.1 ارب روپے بھی پاک فضائیہ کے ذمے ہوں گے۔
خیال رہے کہ پی ای سی قومی ایئرلائن کا ایک کاروباری یونٹ ہے جو ایرو سپیس انڈسٹری اور متعدد دیگر صنعتوں کے لئے اعلیٰ درستگی کے پرزے تیار کرتا ہے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ایک وزارتی کمیٹی پہلے ہی پاک فضائیہ کو پی آئی اے کا یہ یونٹ 6.5 ارب روپے کی کل قیمت پر منتقل کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔

مزیدخبریں