پاکستان کی معاشی ترقی میں زراعت کی اہمیت(1)

Jan 10, 2023

لیاقت بلوچ


زراعت کو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان کی مجموعی قومی آمدن (جی ڈی پی)کا تقریباً 18.5 فیصد زراعت پر مشتمل ہے، 64 فیصد دیہی باشندوں کی روزی روٹی زراعت سے وابستہ ہے اور کل قومی لیبر فورس کا تقریبا 43 فیصد زراعت پر مشتمل ہے۔ پاکستان دنیا کے اْن 11 بڑے ممالک میں سے ایک ہے جن کے پاس وسیع اور زرخیز زرعی زمین موجود ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا نہری نظام پاکستان میں ہے۔ ملک بھر میں چار موسموں کی شکل میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں گرم، سرد اور معتدل آب و ہوا دی ہے جس میں بہت سی فصلیں اُگائی جا سکتی ہیں۔پاکستان88.7ملین ٹن گنے کی پیداوار کے ساتھ دنیا بھر میں 5 ویں نمبر پر،26.4ملین ٹن پیداوار کے ساتھ گندم میں آٹھویں نمبر پر، 9.3ملین ٹن کے ساتھ چاول کی پیداوار میں 10 ویں نمبر پر، 10.6ملین ٹن پیداوار کے ساتھ مکئی کی پیداوار میں 20 ویں نمبر پر، 8.3ملین ٹن پیداوارکے ساتھ کپاس میں چوتھے نمبر پر، 4.6  ملین ٹن آلو کی پیداوارکے ساتھ 18ویں نمبر پر، 2.3 ملین ٹن آم کی پیداوار کے ساتھ دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر اور 2.1 ملین ٹن پیاز کی پیداوارکے ساتھ دنیا بھر میں چھٹے نمبر سمیت دیگر زرعی مصنوعات میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔ پاکستان خوراک اور فصلوں کی دنیا کے سب سے بڑے پروڈیوسرز اور سپلائرز میں سے ایک ہے۔ چنے کی پیداوار میں پاکستان د نیا بھر میں تیسرے، خوبانی چھٹے، دودھ چوتھے، کھجور پانچویں اور کینو/ سنگترہ چھٹے، جبکہ جی ڈی پی سیکٹر کی ساخت کے لحاظ سے ممالک کی عالمی فہرست کے مطابق پاکستان فارم کی پیداوار میں آٹھویں نمبر پر ہے۔


پاکستان کی سب سے بڑی غذائی فصل گندم ہے، 2018ء تک پاکستان میں گندم کی پیداوار 26.3 ملین  ٹن تک پہنچ گئی تھی۔ 2005 ء میں پاکستان نے 21,591,400 میٹرک ٹن گندم پیدا کی جو کہ تمام افریقہ کی پیداوار (20,304,585 میٹرک ٹن) اور تقریباً تمام جنوبی امریکہ (24,557,784 میٹرک ٹن) کی پیداوار سے زیادہ ہے۔ 2012ء میں پاکستان میں 25 ملین ٹن سے زیادہ گندم کی کٹائی ہوئی تھی۔ پاکستان خوراک کا خالص برآمد کنندہ ہے، سوائے کبھی کبھار، جب اِس کی فصل خشک سالی سے بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ پاکستان چاول، کپاس، مچھلی، پھل (خاص طور پر نارنگی اور آم) اور سبزیاں برآمد کرتا ہے اور خوردنی تیل، گندم، دالیں اور خوراک کی دیگر اشیاء درآمد کرتا ہے۔ یہ ملک ایشیاء کی اونٹوں کی سب سے بڑی منڈی، دوسری سب سے بڑی خوبانی اور گھی کی منڈی اور تیسری سب سے بڑی کپاس، پیاز اور دودھ کی منڈی ہے۔


اتنے وسیع زرعی وسائل کے باوجود پاکستان کو زرعی اجناس درآمد کرنا پڑرہی ہیں جو تشویشناک امر ہے۔ پاکستان کی زرعی درآمدات اس وقت آٹھ ارب ڈالر سالانہ سے متجاوز ہیں۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہم اجناس درآمد کرنے پر مجبور ہیں۔ان درآمدات میں زیادہ تر خوردنی تیل، کپاس، گندم، چینی، چائے اور دالیں وغیرہ شامل ہیں۔ ہماری زرعی درآمدات پیٹرولیم کی درآمدات کو چھو رہی ہیں۔ اس قدر بے پناہ زرعی وسائل کے باوجود پاکستان کا زرعی شعبہ غیر پیداواری ہے اور ہم اپنے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے خطے کے دیگر ممالک سمیت دنیا بھر سے بہت پیچھے ہیں۔ ایک وقت تھا جب مذکورہ فصلوں میں پاکستان خودکفیل تھا تاہم پے درپے حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ہم ایک عرصے سے گندم، کپاس، چینی جیسی پیداوار بھی درآمد کرنے پر مجبور ہیں جس پر بھاری ملکی زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے۔زراعت کے جدید طریقے اور ٹیکنالوجی اپناکر ان فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھائی جاسکتی ہے،  بنجر زمینوں کو زیرِکاشت لاکر بھی ہم نہ صرف اپنی ملکی ضروریات پوری کرسکتے ہیں بلکہ اِن فصلوں کی پیداوار کو بڑھا کر دوبارہ برآمد کرنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں۔ پاکستان میں تقریباً 20 ملین ایکڑ قابل کاشت بنجر زمین کو زیر کاشت لاکر نہ صرف وسیع و عریض رقبے کو زرخیز بنایا جاسکتا ہے بلکہ اِس سے کسانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے جس سے نہ صرف ملک خوشحال ہوگا بلکہ معیشت بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔اِس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جنگی بنیادوں پر نئے ڈیم بنانا ضروری ہے۔


ہم خوردنی تیل اور تیل کے بیجوں کی سالانہ درآمدات پر لگ بھگ 300 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرتے ہیں۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان خوردنی تیل درآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ خوردنی تیل اور تیل دار اجناس کی درآمد پر اس قدر کثیر سرمایہ خرچ کرنا انتہائی تشویش ناک بات ہے۔ تیل کے بیجوں کی فصلوں (سرسوں، سورج مکھی، سویا بین) کی فصلوں کے رقبے اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر کے ان درآمدات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ زیر کاشت رقبہ بڑھانے کا ایک کامیاب طریقہ ”انٹرکراپنگ ہے“۔ سویا بین خصوصاً موسمی مکئی کی بین فصلی کاشت سے آٹھ سے دس من فی ایکڑ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ پنجاب میں 12 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر موسمی مکئی کاشت کی جا رہی ہے، اس لیے مذکورہ انٹرکراپنگ سے 10ملین ٹن سویا بین پیدا کی جا سکتی ہے۔ دالیں، خاص طور پر گنے کے ساتھ انٹرکراپنگ کی بھی کافی صلاحیت موجود ہے۔ اس طرح ہم دالوں کی فصلوں کی کاشت کے رقبے میں اضافہ کر سکتے ہیں جس سے دالوں کی درآمد میں بھی کمی واقع ہو سکتی ہے۔ گنے کی بوائی کے دوران مسور اور چنے کو ستمبر میں کامیابی کے ساتھ باہم کاشت کیا جا سکتا ہے جبکہ مونگ اور ماش کی فصلوں کو موسم بہار میں باہم کاشت کیا جا سکتاہے۔


قیامِ پاکستان کے بعد سے زراعت کی معاشی اہمیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ قیامِ پاکستان کے وقت جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ 53فیصد تھا۔ 1993ء کی خراب فصل کے بعدحکومت نے زرعی امداد کی پالیسیاں متعارف کروائیں جن میں بہت سی زرعی اجناس کے لیے امدادی قیمتوں میں اضافہ اور زرعی قرضے کی وسیع دستیابی شامل ہے۔ 1993ء سے 1997ء تک زرعی شعبے میں حقیقی ترقی اوسطاً5.7 فیصد رہی لیکن اس کے بعد سے یہ گھٹ کرچار فیصد رہ گئی ہے۔ زرعی اصلاحات بشمول گندم اور تیل کے بیج کی پیداوار میں اضافہ حکومت کے اقتصادی اصلاحاتی پیکیج میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔آب پاشی کے پرانے طریقوں کی وجہ سے پاکستان میں پانی کا غیر موثر استعمال ہوتا ہے۔ زرعی شعبے میں استعمال کے لیے نکالا جانے والا 25 فیصد پانی نہروں میں لیکیج اور لائن لاسز کی وجہ سے ضائع ہو جاتا ہے جبکہ بقیہ پانی کی صرف ایک محدود مقدار دراصل جذب ہوتی ہے اور مٹی کی خراب ساخت اور غیر ہموار کھیتوں کی وجہ سے فصلوں کے ذریعے استعمال ہوتی ہے۔ پاکستان کی زرعی پیداوار کا زیادہ تر حصہ ملک کی بڑھتی ہوئی پروسیسڈ فوڈ انڈسٹری کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے۔ (جاری ہے)

مزیدخبریں