کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول کو عہدے پر بحال کر دیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے جناح ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹرشاہد رسول کی معطلی کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت نے تحریری حکمنامے میں کہا کہ ڈویژن بینچ عمومی طور پرعبوری حکمنامے میں مداخلت نہیں کرتی تاہم انصاف کی فراہمی کے لئے ڈویژن بینچ کو مداخلت کرنا پڑی۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ بظاہر سندھ حکومت جناح ہسپتال میں تعیناتیاں کرتی ہے، وفاقی حکومت نے تعیناتیوں پر اعتراض نہیں کیا، بظاہر یہ نکات سنگل بینچ کے سامنے پیش نہیں کئے گئے۔
واضح رہے کہ جناح ہسپتال کا سربراہ نہ ہونے کے معاملے پر گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ ڈیڑھ، دو ماہ ہوگئے عدالت میں کیس چل رہا ہے، پیر تک مسئلہ حل نہ ہوا تو میں خود فیصلہ کروں گا۔