مشتاق احمد، انضمام الحق، سعید انور اور مصباح الحق ہال آف فیم میں شامل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2024 کے لیے ہال آف فیم کرکٹرز کا اعلان کر دیا جس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے ماضی کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق سابق کپتان مشتاق احمد، انضمام الحق، سعید انور اور مصباح الحق کو ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔چاروں کھلاڑی پاکستان کے لیے نمایاں کارنامے سر انجام دے چکے ہیں، اس سے قبل 10 کرکٹرز کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔بین الاقوامی سطح پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے ان چاروں کرکٹرز نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بات پر فخر اور خوشی محسوس کرتے ہیں کہ انہیں ملک کی خدمت کرنے کا موقع ملا، ان کرکٹرز نے امید ظاہر کی ہے کہ پی سی بی کے اس اقدام سے موجودہ اور آنے والے کرکٹرز کو حوصلہ ملے گا اور وہ بھی ملک کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
دیگر ہال آف فیم کھلاڑیوں میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس شامل ہیں۔واضح رہے کہ پی سی بی ہر سال دو سابق کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں شامل کرتا ہے تاہم اس مرتبہ 4کرکٹرز اس لیے شامل کیے گئے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چاروں مایہ ناز کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’پی سی بی ہال آف فیم‘ میں شمولیت ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشتاق محمد کو پاکستان کے بہترین کپتانوں میں شمار کیا جاتا ہے جو اپنی قیادت اور متاثر کن انداز کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سابق کپتان انضمام الحق کے بے پناہ ٹیلنٹ اور میچ جیتنے کی صلاحیت نے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مصباح الحق نے مشکل وقت میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھالی، ٹیسٹ رینکنگ کا عروج اور کیریبین میں تاریخی ٹیسٹ سیریز جیتنا ان کے کریئر کا اہم حصہ ہے جبکہ سعید انور نے اپنے فطری وقار اور کلاسیکل تکنیک کے ساتھ اوپنر کے کردار کی نئی تعریف پیش کی اور تمام حالات میں دنیا کے بہترین باؤلرز کے خلاف کامیابی حاصل کی۔