واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے زبردست اے آئی ٹول متعارف کرانے کی تیاری کرلی
سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) اینڈرائیڈ صارفین کیلئے جلد ہی واٹس ایپ میں ایک نئی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) خصوصیت متعارف ہونے کا امکان ہے جو صارفین کو ایپ کے اندر ذاتی اے آئی کریکٹرز تخلیق کرنے کی اجازت دے گی۔ فیچر ٹریکر کے مطابق یہ خصوصیت انسٹاگرام اور میسنجر پر دستیاب اے آئی کریکٹر تخلیق کرنے کے فیچر سے مشابہ ہوگی۔
مشہور فیچر ٹریکر WABetaInfo کے مطابق یہ نئی خصوصیت واٹس ایپ بیٹا برائے اینڈرائیڈ 2.25.1.26 اپڈیٹ میں دیکھی گئی ہے۔ تاہم یہ فیچر ابھی ڈویلپمنٹ کے مرحلے میں ہے اور بیٹا صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔ اسی طرح واٹس ایپ بیٹا برائے اینڈرائیڈ 2.25.1.24 اپڈیٹ میں ایک علیحدہ اے آئی کریکٹرز کے لیے ٹیب بھی دیکھی گئی ہے، جو فی الحال غیر فعال ہے۔
سامنے آنے والے سکرین شاٹس کے مطابق اے آئی کریکٹر تخلیق کرنے کی یہ خصوصیت میٹا کی دیگر ایپس میں موجود اے آئی سٹوڈیو سے مشابہ لگتی ہے۔ یہ فیچر صارفین کو متن کے ذریعے اپنے چیٹ بوٹ کی خصوصیات کو بیان کرنے کی اجازت دے گا، اور اے آئی پروفائل تصویر اور بایو جنریٹ کرے گا۔
سکرین پر صارفین کے لیے ایک وضاحتی ٹیکسٹ لکھنے کی گنجائش دی گئی ہے، جہاں وہ ایک ہزار الفاظ تک اپنے اے آئی چیٹ بوٹ کے بارے میں تفصیل لکھ سکتے ہیں۔ اس میں تجاویز بھی دی گئی ہیں تاکہ صارفین کو وضاحت لکھنے میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ ایک اور سکرین شاٹ کے مطابق واٹس ایپ ان اے آئی کریکٹرز کے لیے ایک نیا ٹیب متعارف کرا سکتا ہے جہاں صارفین اپنے بنائے گئے چیٹ بوٹس اور دیگر پبلک اے آئی کریکٹرز دیکھ سکیں گے۔
یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ واٹس ایپ پر تخلیق کیے گئے اے آئی کریکٹرز میٹا کی دیگر ایپس (جیسے انسٹاگرام اور میسنجر) پر بھی دکھائی دیں گے یا نہیں۔یہ فیچر واٹس ایپ میں چیٹ تجربے کو مزید انفرادی اور دلچسپ بنانے کا سبب بن سکتا ہے تاہم صارفین کو اس کے باقاعدہ متعارف ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔