پاکستان کو بڑا جھٹکا، صائم کے بعد ایک اور کھلاڑی انجرڈ ہو گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کے نوجوان اوپنر حسیب اللہ خان بھی فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ خان جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں اسکواڈ کا حصہ ہیں تاہم محمد رضوان کی وجہ سے انہیں موقع نہیں مل سکا تھا۔
تاہم چیمپئینز ٹرافی سے قبل ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان تھا جس میں کرکٹر کی قسمت چمک سکتی تھی لیکن وہ انجری کا شکار ہوگئے، جس کے بعد انکی شمولیت مشکوک ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پریکٹس کے دوران ان کے ہاتھ پر بال لگ گئی تھی، جس کے بعد انہیں ڈاکٹرز نے دو ہفتوں تک آرام کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وکٹ کیپر بیٹر ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان شاہینز اسکواڈ میں بھی شامل ہیں تاہم اب ان کی جگہ روحیل نذیر کو موقع ملے گا، سہ روز پریکتس میچ 10 جنوری سے اسلام آباد کلب میں شروع ہورہا ہے۔
دوسری جانب اوپنر صائم ایوب کے بھی کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے روز دائیں ٹخنے پر چوٹ لگی تھی، وہ اس وقت لندن میں علاج کے لیے موجود ہیں، ان کی بھی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں شرکت کے امکانات انجری کی صحتیابی سے مشروط ہیں۔