لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز جانوروں کے ساتھ سیاسی بونوں اور سیاسی نیم پاگلوں کا بھی علاج کرینگی۔ جو کارکردگی سے مقابلہ نہیں کرسکتے وہ زبان درازی میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔اچنبھے کی بات ہے کہ جعلی پیری مریدی کا کاروبار چلانے والوں کے بچے بھی مریم نواز کو طعنے دیں گے۔ پنجاب گڈگورننس ،میرٹ اور کارکردگی میں تمام صوبوں سے لیڈ کررہا ہے۔ مریم نواز پنجاب کا پیسہ پنجاب کے عوام پر خرچ کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کا پیسہ وفاق پر چڑھائی کے لیے خرچ نہیں کررہی۔ مریم نواز کی چند ماہ کی کارکردگی باقی صوبوں کے لیے مثال ہے۔ پنجاب میں کام ہورہا ہے اور نظر بھی آرہا ہے۔مریم نواز کی کارکردگی سے حسد وہ کررہے جو کئی برسوں سے حکومتوں میں بیٹھے ہیں۔ایک جماعت ایک صوبے میں 16سال سے دوسری 12سال سے اقتدار میں ہے مریم نواز صوبے کے وسائل سے لوگوں کو سکالرشپ،گرین ٹریکٹر،لائیوسٹاک کارڈ دے رہی ہیں۔ان دونوں سے کارکردگی پوچھیں تو مظلومیت کارڈ اور ذاتیات کارڈ کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔ نوازشریف کے ویژن اور انکی لیڈرشپ میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔ شہبازشریف اور مریم نواز کی انتھک محنت سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آئی ہیں۔ مشکل وقت گزر چکا اب ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہورہا ہے۔