ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک

Jan 10, 2025 | 07:02 PM

ڈیرہ اسمٰعیل خان(ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تحصیل کلاچی کے علاقے مڈی میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی۔حکام کے مطابق آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گرد پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، مارے گئے دہشت گرد تھانہ کلاچی، درابن سمیت مختلف تھانوں میں دہشت گردی کے مقدمات میں نامزد تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ڈیرہ ٹانک روڈ پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چوکی پر خودکش حملے میں 4 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے تحصیل کلاچی میں کنوری پوسٹ کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 4 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ خودکش بمبار کے پیچھے مسلح افراد ایک رکشے میں آرہے تھے جنہوں نے سکیورٹی پوسٹ پر فائرنگ بھی کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار کی جانب سے استعمال کی جانے والی گاڑی بنیادی طور پر خیبر پختونخوا حکومت کے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کی تھی، دہشت گردوں نے 10 دسمبر کو سرکاری گاڑی چھینی تھی۔

مزیدخبریں