لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کیا، پی ٹی آئی اراکین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
نجی ٹی وی" آج نیوز "کے مطابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر احمد چنڑ کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان نے شرکت کی۔
وزیر زراعت پنجاب کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی کی۔ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی عمران خان کی رہائی کے بینرز اٹھا کر شریک ہوئے اور بانی چیئرمین کے حق میں نعرے لگائے۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو نعرے بازی سے روکتے ہوئے نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کی تو حزب اختلاف نے واک آؤٹ کردیا۔
اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہاکہ 9 مئی 2023 سے 26 نومبر 2026 تک ہمارے ایم پی ایز کے ساتھ پولیس کے ذریعے جو زیادتیاں ہوئی ہیں اس پر تحریک استحقاق جمع کروائی گئی تھی، جس پر کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ پولیس ہمارے ارکان پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے لیکن استحقاق کمیٹی ہماری تحریک التوا پر نوٹس جاری نہیں کرتی، اس لیے ہم ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی سپیکر ظہیر احمد چنڑ نے وزیر قانون پنجاب صہیب بھرتھ اور سمیع اللہ خان کو اپوزیشن ارکان کو منانے کے لیے بھیجا، جس پر حزب اختلاف کے ارکان ایوان میں واپس آگئے۔