کرکٹ چیمپئنز ٹرافی اگلے سال ہوگی ،میچز کہاں کھیلے جائیں گے؟

Jun 10, 2024 | 06:38 PM


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) نے اگلے سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول حتمی منظوری کیلئے آئی سی سی کو بھیج دیا۔
آئی سی سی کو بھیجے گئے شیڈول کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک کراچی ،لاہور اور راولپنڈی میں ہو گی، بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی، ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 7 میچ لاہور میں ہوں گے۔پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ کراچی کا نیشنل سٹیڈیم افتتاحی میچ اور ایک سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا، کراچی میں مجموعی طور پر 3 میچز ہوں گے، راولپنڈی ایک سیمی فائنل سمیت 5 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں 15میچز ہوں گے۔ذرائع کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر کی جگہ جدید کارپوریٹ باکسز بنائے جائیں گے، پوری بلڈنگ کو نہیں گرایا جائے گا کیونکہ ڈریسنگ روم حال ہی میں بنے ہیں اس لئے وہ اپنی جگہ موجود ہوں گے، فضل محمود اور عمران خان انکلوژر میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی اور موجودہ انکلوژر کے پیچھے سے انکلوژر کو مزید اونچا کیا جائے گا۔ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ لاہور، کراچی اور پنڈی سٹیڈیم میں نئی ڈیجیٹل سکرینز نصب کی جائیں گی، کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کی بلڈنگ کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا اور سکور بورڈ کے ساتھ یونیورسٹی اینڈ پر نیا میڈیا سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔

مزیدخبریں