آئندہ برس کی حج پالیسی منظور : آئندہ سال سرکاری حج پیکیج کتنا ہوگا؟

Oct 10, 2024 | 05:10 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق حج پالیسی 2025 کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی گئی ہے۔
پالیسی کے مطا بق اگلے سال سرکاری حج پیکیج 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار تک متوقع ہے جبکہ پاکستان سے آئندہ سال 1 لاکھ 79 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
حج پالیسی کے مطابق حکومت اور پرائیویٹ آپریٹرز میں ہر ایک کو 89 ہزار 605حجاج کا کوٹہ ملے گا، نئی حج پالیسی میں ایک ہزار کے قریب کوٹہ ہارڈشپ کیلئے اور 300 کے قریب کوٹہ ای او بی آئی کے تحت رجسٹرڈ کم آمدنی والے مزدوروں کیلئے مختص ہوگا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئندہ برس کا طویل حج 38 سے 42 دن اور مختصر حج 20 سے 25 دن پر محیط ہوگا جس دوران 12سال سے کم بچے حج کا سفر نہیں کرسکیں گے جبکہ عازمین حج کیلئے سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق روڈ ٹو مکہ سہولت اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹ پر دی جائے گی جبکہ بغیر محرم خواتین اسلامی نظریاتی کونسل کی شرائط پر حج کرسکیں گی۔

مزیدخبریں