ای بائیک پراجیکٹ کا افتتاح،فیز ٹو کا اعلان، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جام پور کے کالج کے طالبہ کو پہلی بائیک کی چابی دی

Jul 11, 2024 | 11:14 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے جام پور کے کالج کی طالبہ کو سب سے پہلے ای- بائیک کی علامتی چابی دیکر چیف منسٹر یوتھ ا ینیشیٹو، ای بائیک پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وہیکل انسپکشن رجیم برائے پرائیویٹ وہیکل پراجیکٹ کا آغاز کیا اور نواوا موبلائزرز کمپنی کو پنجاب میں پہلے ای لوڈر رکشہ منیو فیکچرنگ لائسنس بھی دیا۔ وزیر علیٰ پنجاب نے ای بائیک لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متعدد بڑے اعلانات کیے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ای بائیک پراجیکٹ فیز ٹو، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سولرائزڈ چارجنگ سٹیشن قائم کرنے اور والدین کی شفقت سے محروم طلباء کو بھی بائیکس دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ  نے طلباء کے لیے 25ارب روپے کے خصوصی سکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم کے جلد اجراء اور ”پنجاب گو گرین“ویژن کے تحت بتدریج الیکٹراک ٹرانسپورٹ پر منتقلی کے اعلانات کیے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں دوسرے صوبے کو بھی پنجاب کی تقلید میں طلباء کے لئے ای بائیک پراجیکٹ شروع کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ آج اس پراجیکٹ سے ای بائیکس کاآغاز کیا ہے اگلے فیز میں تعداد مزید بڑھائیں گے۔ بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ 40 ہزار میں سے 20 ہزار حکومت پنجاب دے گی۔ 1 لاکھ سے زائد درخواستیں آئی، 27200 کو مل رہی ہیں، سب اضلاع کی یکساں نمائندگی ہے۔ ہماری کسی سکیم میں خواتین کا کوٹہ نہیں، 8 ہزار بچیوں کی درخواست آئی، سب کو دے رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے بچیوں کو تلقین کی کہ بیٹیاں اپنی خود مختاری کے لیے بائیکس چلانا سیکھیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والے دنوں میں لیپ ٹاپ دیں گے، لیپ ٹاپ کے ماڈل کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبا ءجو اعلیٰ تعلیم افورڈ نہیں کر سکتے ان کے لیے 25 ارب کا سکالر شپ پروگرام لا رہے ہیں۔ بچوں کی تعلیم میری ذمہ داری ہے، کوئی بچہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے گھر نہیں بیٹھے گا۔ بائیکس کی ماہانہ قسط نہایت کم رکھی، جن کے والدین حیات نہیں انکی والدین کی گارنٹی کی شرط ختم کر دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ماحول کی بہتری کے لیے دنیا بہت آگے چلی گئی، ہمیں بھی پنجاب گرین بنانا ہے۔ چاہتی ہوں کہ پنجاب بھی دنیا کی طرح الیکٹرک ٹرانسپورٹ پر منتقل ہوجائے۔پنجاب کے ہر شعبے کو گرین بنائیں گے۔ پنجاب بھر میں ای بائیکس کی چارجنگ کے لیے سولر ائزڈ چارجنگ سٹیشن بنائیں گے۔ چوری اور فائر کے نتیجے میں ای بائیک کی بیٹری کی انشورنس بھی دی گئی۔ ایک بھی بائیکس سفارش پر نہیں دی گئی، ای بیلٹنگ کی گئی۔ ماحول دوست بس کے لیے دنیا کی معروف بس کمپنی سے ایم او یو سائن کیے ہیں۔ دسمبر تک 27 بسیں آ جائیں گی، خواب ہے کہ ہر شہر میں ماحول دوست گرین بس چلے۔با ئیکس کے ساتھ ہیلمٹ اور کائٹ پروٹیکشن دے رہے ہیں۔طلبا ءبائیکس کو آہستہ چلائیں، اوور سپیڈ نہیں کرنی، ماں باپ کا خیال رکھنا ہے۔ انشاء اللہ ایک کے بعد ایک اچھی سہولت دیں گے۔ پنجاب ترقی میں اور طلبا ءکو سہولیات میں اور دیگر تمام شعبوں میں لیڈ کرے گا۔ محمد نواز شریف بھی بہت خوش ہیں کہ بچوں کو بائیکس مل رہی ہیں۔ ہم نے جلاؤ گھیراؤ اور گریبان پکڑنے والی سیاست نہیں کرنی۔پنجاب کی یوتھ کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول دیکھنے چاہتے ہیں۔ 5 برسوں میں طلبا ءکو جتنی سہولتیں دے پائی، انشاء اللہ دونگی۔

انہوں نے کہا کہ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے پر کام کر رہی ہیں -منسٹر اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ بہت محنتی ہیں مختصر مدت میں بائیکس کی تقسیم کا پراجیکٹ مکمل کیا۔ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، 4 ماہ میں طلبا ءکی آسانی کے لیے ماحول دوست اور خوبصورت بائیکس میسر ہیں۔ ای اینڈ پیٹرول بائیکس فراہمی پراجیکٹ کام کرنے والے تمام افراد کو شاباش دیتی ہوں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ای بائیک حاصل کرنے والے تمام طلباء کو سٹیج پر بلا لیااور باری باری بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے طلباء کو بائیکس کے ساتھ کھڑا کرکے تقریب سے خطاب کیا۔طالبات کی خواہش پر وزیراعلیٰ  نے تصاویر بھی بنوائیں۔وزیر اعلیٰ نے طلباء کو لائسنس، ہیلمٹ، کائٹ پرو ٹیکٹڈ راڈ کے آہستہ بائیک چلانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے مختلف کمپنیوں کی ای - بائیک، سکوٹی، الیکٹر یکل گاڑیوں کا معائنہ کیا، ماحول دوست ای وہیکل میں اظہار دلچسپی کیا اور گاڑی میں بیٹھ کر معائنہ کیا،خواتین کی سواری کے حوالے سے تھری وہیلر ای ٹران کے فیچرز معلوم کیے اور الیکٹرک لوڈر رکشے کی بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ  کو ای روڈ واشر وہیکل کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ  کو الیکٹرک بسوں کے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے مری راولپنڈی ٹورسٹ گلاس ٹرین ویڈیو ڈاکومینٹری کا مشاہدہ کیا۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اوربینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے اپنے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر محمد نواز شریف کی خوشی کا خصوصاً ذکر کیا۔

 سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزرا ءبلال اکبر،عاشق حسین،ذیشان رفیق، رانا سکندر حیات،سہیل شوکت بٹ، رمیش سنگھ اروڑہ،چیف سیکرٹری،سیکرٹریز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں