خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں، وزیر تعلیم پنجاب

Oct 11, 2024 | 11:55 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ لڑکیوں کو ہنرمند بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ لڑکیوں کا عالمی دن انہیں بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر سرکاری تنظیم بیداری کی ایجوکیشن کانفرنس میں طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ بچیوں کو مختلف چینلجز کا مقابلہ کرنے کیلئے خودمختار بنانا ضروری ہے۔ انہیں مواقع دیئے جائیں تو وہ دنیا کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ بچیوں کو بااختیار بنانے کے لیے معاشرے کی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ بچیوں کی تربیت صنفی امتیاز سے بالا تر ہو کر کی جانی چاہئے۔ بچیوں کو بااختیار بنانا اور صنفی مساوات کو فروغ دینا پائیدار ترقی کے لیے اہم ہے۔ بچیوں کی مہارات اور صلاحیتوں پر اعتماد کرکے آگے بڑھنے کی جانب مائل کریں تاکہ انہیں میں اعتماد پیدا ہو۔

 طالبات کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر تعلیم نے انہیں ہدایت کی کہ بڑے خواب دیکھیں، ہو سکتا ہے اگلی چیف منسٹر پنجاب آپ میں سے کوئی ہو۔ ٹیکنالوجی کا دور ہے، اسی تناظر میں آئی ٹی ایجوکیشن پر فوکس کر رہے ہیں۔ وقت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے مڈل ٹیک اور انٹرٹیک کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔  کامرس کالجز کو آئی ٹی ہبز میں تبدیل کرنے جا رہے ہیں۔ اربن ایریاز میں اگلے سال تک 300 تعلیمی اداروں میں ٹیک ایجوکیشن شروع کر چکے ہوں گے۔ اس ضمن میں وزیر تعلیم نے آئندہ سال تک 2 لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کو ٹیک ایجوکیشن سے مستفید کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

مزیدخبریں