لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کا لیڈر جیل میں بیٹھا انتشار پھیلانے کا منصوبہ کرتا ہے، چیلے باہر مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہیں۔ کل تک جو سب کو کہتا تھا چھوڑوں گا نہیں آج وہ سب کے پاؤں پکڑ رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن اور بیوی اسکے جیل میں رہنے کے سب سے بڑے بینفشری ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےاسد قیصر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اڈیالہ جیل کے قیدی اور اسکے چمچوں کے اعصاب پر سوار ہیں۔ مریم نواز کو ان مہاتما کی خواہش پر 2018 کے الیکشن سے قبل نااہل کروایا پھر باپ کے سامنے گرفتار کروایا گیا۔ مریم نواز آج تاریخ کے بھاری مینڈیٹ سے وزیراعلیٰ بن کر پنجاب کی خدمت کررہی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ فتنے اور فتنہ پارٹی کی مکاریاں اور عیاریاں قوم بخوبی سمجھ چکے ہیں۔ جس کی فطرت میں ڈنگ مارنا ہو اس سانپ کو دودھ پلانے کی ضرورت نہیں ہے۔جس نے اپنے ہر محسن سے غداری کی اس سے مزید ہمدردی کی توقع مت رکھیں۔جب سے اسکا منہ بند ہے ملک کا ہر شعبہ ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اسکی پارٹی کے لوگ خود نہیں چاہتے یہ جیل سے باہر آئے۔