لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )مویشی پال حضرات کی جانب سے وزیر اعلیٰ لائیو سٹاک کارڈ کی رجسٹریشن کے لیے اب تک کتنی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ؟ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔
"ڈیلی پاکستان آن لائن" کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک میں سی ایم لائیو سٹاک انیشیٹوز کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس کی صدارت سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل نے کی۔اجلاس کا مقصد سی ایم انیشیٹو جس میں لائیو سٹاک کارڈ اور لائیو سٹاک ایسٹ ٹرانسفر کے حوالے سے رجسٹریشن کے عمل کی کارگردگی کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس میں صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سی ایم انیشیٹو ڈیش بورڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل کا کہنا تھا کہ مویشی پال حضرات کو وزیر اعلیٰ لائیو سٹاک کارڈ کی رجسٹریشن کے عمل میں مکمل آسانی فراہم کی جائے۔فیلڈ میں موجود افسران فارمرز کو وزیر اعلیٰ انیشیٹو کے متعلق تفصیلی آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔
اس اجلاس کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل (توسیع)ڈاکٹر محمد اشرف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں بیوہ اور مطلقہ خواتین کو گائے اور بھینسوں کی تقسیم کے حوالے سے درخواستیں ابھی تک موصول ہو رہی ہیں۔اب تک 90503بیوہ اور مطلقہ خواتین نے ایپ کے ذریعے درخواست جمع کروائی ہے جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ جنوبی پنجاب کی خواتین کی درخواست کی خواہش پر گائے اور بھینسوں کی مفت تقسیم کے منصوبے کی اپلائی کرنے کی تاریخ کو 16نومبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (توسیع) کا مزید کہنا تھا کہ مویشی پال حضرات لائیو سٹاک کارڈ کی رجسٹریشن کے لیے خاصے پرجوش ہیں اور اب تک موشی پال حضرات کی طرف سے 78329رجسٹریشن کی درخواستیں وصول ہو چکی ہیں جن میں سے 36069درخواستوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ،ڈائریکٹر جنرل توسیع، ڈائریکٹر پلاننگ اور اربن یونٹ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔