گنڈاپور کے غائب ہونے سے کارکنوں کی حوصلہ شکنی ہوئی،ہرکوئی شک کررہا ہے: عاطف خان

Oct 12, 2024 | 11:39 AM

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن )پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے کہا ہے کہ امین گنڈا پور کے غائب ہونے سے کارکنوں کی حوصلہ شکنی ہوئی اور قیادت کو واضح کرنا چاہئے تھا کہ ڈی چوک جاکر کرنا کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ اس وقت پارٹی میں ہر کوئی دوسرے پر ڈبل گیم کا شک کررہا ہے، اڈیالہ میں ملاقات کرنے والے وہ باتیں کرتے ہیں جن کی ضرورت نہیں، ہوسکتاہے کچھ میرے ہی دوست ہوں جو دونوں کے قریب ہوں، ہوسکتا ہے دونوں میں کچھ چیلنجز کے ذریعے بات چیت چل رہی ہو۔
انہوں نے کہا کہ بتانا چاہئے تھا جلسہ کرنا ہے یا دھرنا دینا ہے، اب کارکن مایوس ہے، علی امین گنڈا پور کے غائب ہونے سے کارکنوں کی حوصلہ شکنی ہوئی، قیادت کو واضح کرنا چاہئے تھا کہ ڈی چوک جاکر کرنا کیا ہے، لیڈرز مکس سگنلز دیں تو کارکنان کنفیوژ ہوتے ہیں۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ ڈیل ذات کے لئے ہوتی ہے اور راستہ ملک کے لئے ہوتاہے، کسی نہ کسی سٹیج پر پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھ کر راستہ نکالنا پڑے گا، اگرکوئی پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا سوچ رہا ہے تو یہ ختم نہیں ہوگی۔

مزیدخبریں