گزشتہ دنوں سامنے آنے والے نوٹوں کے نئے ڈیزائن سے متعلق سٹیٹ بینک کی وضاحت

Sep 12, 2024 | 06:44 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق سٹیٹ بینک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری میں آرٹ مقابلے کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا گیا جس کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ 

جیو نیوز کے مطابق کراچی سے سٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق مقابلے کامقصد بین الاقوامی سطح پر بہترین ڈیزائن کی تیاری میں عوام کو شامل کرنا تھا، ڈیزائنوں کا جائزہ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے لیا، فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر کو کیا گیا۔ مقابلے کے نتائج کو بعض حلقوں نے نئے نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا۔  نتائج کے اعلان کا مقصد محض فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نوازنا تھا۔ جن ڈیزائنوں کو فاتح قرار دیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں۔  

مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے معروف بین الاقوامی کمپنیاں ڈیزائن کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک نئے ڈیزائنز کےلیے اپنی تجاویز پیش کریں گی۔سٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری تک وفاقی حکومت کوپیش کیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے نوٹوں کی سیریز کی چھپائی شروع ہوگی۔واضح رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرنسی نوٹوں کی نئی سیریز کے ڈیزائن کےلیے آرٹ مقابلے کا اہتمام کیا تھا، جس کے بعد نئے کرنسی نوٹوں کی تصاویر بھی سامنے آئی تھیں۔

مزیدخبریں