"گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" کے بارے میں آگاہی بچوں کے نصاب میں شامل کرنے کی سفارش آ گئی

Mar 13, 2025 | 03:32 PM

'گڈ ٹچ بیڈ ٹچ' کے بارے میں آگاہی بچوں کے نصاب میں شامل کرنے کی سفارش آ گئی

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن)"گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" کے بارے میں آگاہی بچوں کے نصاب میں شامل کرنے کی سفارش آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے کم سن بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام کیلئے احسن اقدام کیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" بارے آگاہی بچوں کے نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ داخلہ نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نام مراسلہ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا کہ بچوں کو ذاتی حفاظت کے بارے میں تعلیم دینا وقت کی ضرورت ہے۔ مراسلے میں سفارش کی گئی ہے کہ کم سن بچوں کو احسن انداز میں مناسب اور نامناسب جسمانی رویہ بارے بتایا جائے اور ابتدائی کلاسز کے سلیبس میں گڈ ٹچ بیڈ ٹچ بارے آگاہی کو شامل کیا جائے۔ درست تعلیم اور آگاہی کے بعد بچے نامناسب رویئے کو پہچان کر رپورٹ کر سکتے ہیں اس لیے والدین اور اساتذہ بچوں کو بتائیں کہ گھر اور باہر نامناسب رویئے کو کیسے رپورٹ کیا جائے۔

 ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جنسی استحصال کا شکار بچے زندگی بھر ٹراما میں رہ سکتے ہیں۔ بچوں کو محفوظ بنانا اور استحصال کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانا ریاست کی زمہ داری ہے۔ بچوں کو سکھایا جائے کہ جنسی استحصال کی کوشش کرنے والوں سے ڈرنا نہیں بلکہ انہیں بے نقاب کرنا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سفارش کی ہے کہ بچوں کے نصاب میں گڈ ٹچ بیڈ ٹچ  کےبارے میں ماڈیول شامل کرنے کیلئے ماہرین سے مدد لی جائے۔

 ترجمان نے بتایا کہ محکمہ داخلہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے ذریعے بھی "گڈ ٹچ بیڈ ٹچ" بارے آگاہی مہم تیار کر رہا ہے جو بچوں کو بدسلوکی اور استحصال سے محفوظ رکھنے میں معاون ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے سفارش کی ہے کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے فوری حکمت عملی مرتب کی جائے کیونکہ گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ بارے آگاہی بچوں کی حفاظت کیلئے مفید احتیاطی اقدام ہے۔

مزیدخبریں